جنرل اسمبلی،فلسطین کو مستقل رکن بنانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور

نیویارک: (خواجہ فاروق)جنرل اسمبلی نے فلسطین کو مستقل رکن بنانے کی قرارداد منظور کرلی،قرارداد متحدہ عرب امارات کی جانب سے پیش کی گئی ،حق میں 143ممالک نے ووٹ دیا۔

امریکہ، اسرائیل، ارجنٹائن اور ہنگری سمیت 9ممالک کی جانب سے مخالفت کی گئی ،25 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا،ووٹنگ کے بعد فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت تو نہ ملی تاہم مستقل رکن بننے کا اہل تسلیم کرلیا گیا۔

فلسطینی سفیر ریاض منصور نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا امن و آزادی چاہتے ہیں،قرارداد پر ہاں کا ووٹ فلسطینیوں کے وجود کے حق میں ووٹ ہے،ووٹ کسی ریاست کےخلاف نہیں بلکہ فلسطینیوں کو ریاست سے محروم کرنے کی کوششوں کےخلاف ہے۔

پاکستانی مندوب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا 1967 کے بعد سے فلسطینی اسرائیل کے ظالمانہ قبضے کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، 1947 میں اقوام متحدہ کے ووٹ کے نتیجے میں فلسطینی و اسرائیل 2 الگ ریاستیں بنیں، صرف اسرائیل اقوام متحدہ کا رکن ہے،فلسطینی عوام 1947 سے اپنے حق خود ارادیت سے محروم ہیں،جنرل اسمبلی میں اٹھایا جانے والا معاملہ تنازع کے حتمی حل کی جانب اور فلسطینی عوام کےساتھ تاریخی ناانصافیوں کا ازالہ کرنے کی جانب اہم قدم ہے