لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے، پولیس ملازمین کو پیشہ ورانہ امور اور ذاتی مسائل کے حوالے سے ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت سٹاف کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں، بہترین کمانڈر کے طور پر انکی مشکلات کا فوری ازالہ کریں تاکہ وہ اپنی تمام تر توجہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم کے قلع قمع پر مرکوز رکھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہلخانہ سے ملاقات کی اور انکی پیش کردہ درخواستیں سن کر فوری ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خواتین کو بااختیار بنانے کے ویڑن پر پنجاب پولیس کی جانب سے عملی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس کی تاریخ میں پہلی بار مختص کوٹے سے زائد خواتین اوپن میرٹ پر فورس کا حصہ بن گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ حالیہ بھرتی کے دوران لیڈی کانسٹیبلز کی آسامیوں پر 1600 سے زائد خواتین نے پنجاب پولیس میں شمولیت اختیار کی ہے جن میں 1351 لیڈی کانسٹیبل، 4 ڈرائیور کانسٹیبل، 259 ٹریفک اسسٹنٹ بھرتی ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس میں پہلی بار 4 خواتین ڈرائیور کانسٹیبل کی آسامی پر بھرتی ہوئیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ لیڈی اہلکاروں کی مختص آسامیوں پر 1012 نوجوان خواتین پولیس فورس کا حصہ بنیں،اوپن میرٹ کے تحت 602 خواتین نے پولیس فورس کو جوائن کیا، یوں اوپن میرٹ پر 60 فیصد زائد خواتین نے پولیس سروسز کو جوائن کیا ہے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس اپنے شہداءکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہے، اسی سلسلے میں جاری اقدامات میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایک اور شہید جوان کے اہل خانہ کو انکی پسند کے مطابق گھر فراہم کر دیا ہے۔
پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اوّلین ترجیح ہے :آئی جی پنجاب
















