اسلام آباد، راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے صدر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب اور سینٹ الیکشن فراڈ ،فوج اپنی ہے،کوئی مسئلہ نہیں،2014کے دھرنے کی انکوائری کیلئے تیار ہوں۔
عمران خان نے کہا وہ کیوں 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگیں ،معافی تو ان سے مانگنی چاہیے ، اگر بات نہیں کرنا چاہتے تو نہ کریں ، وہ تو ملک کےلئے بات چیت کا کہہ رہے ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاخوشی ہوگی مجھے انکوائری کمیٹی میں پیش کیا جائے، 2014ءکے دھرنے کے حوالے سے مجھ پر جتنے الزامات لگائے گئے سب غلط ہیں، 2013 کا الیکشن آر اوز کاتھا،سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے فارم 47 پربیان کے بعد وفاقی حکومت سے کیا مذاکرات ہوسکتے ہیں؟ ن لیگ کے لوگوں نے پرائیویٹلی بتا دیا تھا جب تک قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس نہیں بنتا الیکشن ہوں گے نہ نواز شریف واپس آئے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہامیرا آدھا خاندان فوج اور آدھا بیورو کریسی میں ہے، فوج اپنی ہے،کوئی مسئلہ نہیں، 9مئی واقعات کا تب پتہ چلا جب مجھے سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا، واقعات کی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے سامنے مذمت کی تھی،خدا کے واسطے فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں، اپنی 27 سال کی تاریخ میں کبھی جلاو گھیراو نہیں کیا، 2حکومتیں انتخابات کےلئے تحلیل کیں کیونکہ سیاسی جماعت انتشار نہیں چاہتی۔
دریں اثنا اپنے بیان میں عمران خان نے کہا9 مئی کو پارٹی کچلنے کی کوشش کی گئی، سب پہلے سے طے شدہ تھا، حقیقت قوم پر پوری طرح واضح ہے، بتایا جائے کس کے حکم پر حساس مقامات کی سکیورٹی ہٹائی گئی،پی ٹی آئی وفاق کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ، سیاسی جدوجہد نہایت تابناک ہے، ہمیشہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدل و انصاف کو اپنی پہچان بنایا، نگراں وزیراعظم نے حکومتی رکن کو فارم 47 کا طعنہ دے کر موقف درست ثابت کردیا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران ،بشریٰ کی توشہ خانہ میں نیب کی نئی انکوائری میں طلبی نوٹس کےخلاف دائر درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے اوراگلے ہفتے تک جواب طلب کرلیا۔
علاوہ ازیںاحتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے190 ملین پاونڈ ریفرنس پرسماعت کی،عمران،بشریٰ کو اڈیالہ جیل کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا،نیب کے وکلا نے 190 ملین پاونڈ ریفرنس میں مزید ایک گواہ کا بیان ریکارڈ اور ایک گواہ پر جرح مکمل کر لی، عدالت نے 13مئی کو مزید گواہ طلب کرلیے اوربانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست منظور کر لی۔
مزید برآں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے عمران خان کی 6 اور بشریٰ کی ایک مقدمے میں عبوری ضمانتوں میں 16 مئی تک توسیع کردی،سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کے انسداد دہشتگردی میں تبادلے کی وجہ سے نہ ہو سکی۔
2014 کے دھرنے کی انکوائری کےلئے تیار، معافی تو مجھ سے مانگنی چاہیے،عمران
















