امریکی سفیر سے ملاقات،واضح کر دیا کسی ملک کی مداخلت برداشت نہیں:عمر ایوب

اسلام آباد (بیوروپورٹ) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی کے حوالے سے بات چیت کی،تحریک انصاف کے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب سے ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سابق سپیکر اسد قیصر بھی موجود تھے،ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت کی حالت اور قانون کی حکمرانی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی کیفیت اور معیشت کی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی، بنیادی سیاسی آزادیوں پر عائد قدغنوں اور اظہار و ابلاغ کی آزادیوں کےخلاف غیرقانونی انتظامی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی،ملاقات میں بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ، پارٹی قائدین اور کارکنان سمیت سیاسی قیدیوں کےخلاف انتقامی سلسلے پر بھی بات چیت کی گئی، بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر امریکی محکمہ خارجہ کی حالیہ رپورٹ کے مندرجات پر بھی گفتگو ہوئی،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا پاکستان انتہائی سنگین نوعیت کے سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کی زد میں ہے، آئین سے سنگین انحراف اور قانون کی حکمرانی کی بدترین صورتحال معیشت کی تباہی کا پیش خیمہ بن رہی ہے، آئین کی جانب سے شہریوں کو فراہم کردہ بنیادی حقوق، سیاسی آزادیاں اور ووٹ کا حق سیاسی استحکام کے ضامن ہیں، امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، معاشی ترقی کا کوئی کلیہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کارگر ثابت نہیں ہوسکتا، باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ تعلقات کے تسلسل اور ان میں وسعت کے خواہاں ہیں،اپوزیشن لیڈر نے امریکی سفیر کی جانب سے پاکستان کی کثیرالجہتی ترقی میں بطور شراکت دار کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا، ملاقات میں دونوں اطراف سے باہمی روابط کے تسلسل پر بھی اتفاق ہوا۔