لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت خواتین، بچوں سے متعلقہ جرائم کے واقعات میں زیرو ٹالرنس اپنائیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس افسران کو پٹرولنگ مزید موثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کے تدارک کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائیں، ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ سٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لئے ٹارگٹڈ پٹرولنگ کریں، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ خدمت و تحفظ مراکز، میثاق سنٹرز پر شہریوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں، ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سمیت تمام ترقیاتی پراجیکٹس مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کروائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں لاہور پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول، کمیونٹی پولیسنگ بارے بریفنگ دی، آئی جی پنجاب نے لا اینڈ آرڈر کے قیام، کرائم کنٹرول کیلئے لاہور پولیس کی کارکردگی کو سراہا، اے آئی جی ڈویلپمنٹ صاحبزادہ بلال عمر، ایس ایس پی آپریشنز علی رضا، ایس پی ڈولفن سکواڈ سمیت دیگر ایس پیز بھی موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاو¿ن جاری ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی ڈرگ فری پنجاب مہم کے سلسلہ میں ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے 289 ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے، منشیات کے گھناو¿نے کاروبار میں ملوث 127 مقدمات درج کرتے ہوئے 127 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 57 کلو چرس، 03 کلو ہیروئن اور 1325 لٹر شراب برآمد کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید کہا کہ 26 فروری سے جاری خصوصی مہم کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے اڈوں پر 20015 چھاپے مارے گئے، گھناو¿نے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف 9334 مقدمات درج کرتے ہوئے 9845 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 6342 کلو چرس، 109 کلو گرام ہیروئن، ساڑھے 34 کلو آئس، 218 کلو افیون اور 123152 لٹر شراب بھی ملزمان سے برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبہ بھر میں انسداد منشیات آپریشنز میں تیزی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو بے نقاب کرکے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ڈرگز کے خلاف آگاہی مہم میں والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔
خواتین، بچوں سے متعلقہ جرائم کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے: آئی جی پنجاب

















