نیویارک (خواجہ فاروق) ”ہے کوئی فریاد سننے والا“ سزا پوری ہونے کے باوجود امریکی جیل میں قید لاہور کے رہائشی محمود الحسن کی بیمار ماں کسی مسیحا کی منتظر، وزیراعظم سے امید لگالی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں 1980ءمیں گرفتار ہونیوالا لاہور کا رہائشی محمود الحسن سکنہ کوچہ سیٹھ ہرپرشاد مکان نمبر D/1717 محلہ اندرون شاہ عالم گیٹ لاہور امیگریشن آئی ڈی نمبر A-026201272 اپنی 40 سال کی سزا پوری ہونے کے باوجود امیگریشن جیل پنسلوانیا پائک کوریکشن سینٹر میں قید ہے، ڈی پورٹ احکامات جاری ہونے کے باوجود رہائی نہ ہونا سفارتکاروں کی بدترین نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ واشنگٹن کے سفارتخانے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عاصم حسین ایم آر پی نے 12 مارچ 2024ءکو ڈی پورٹ کئے جانے کا باقاعدہ خط جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی کو لکھا مگر عملدرآمد ہونا خواب بن گیا۔ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے نے موقف اپناتے ہوئے کہا خط لکھ کر اپنا کام پورا کردیا، جوابی خط کا انتظار ہے۔ محمود الحسن کی پاکستانی شہریت و دیگر دستاویزات کی تصدیق ہونے تک رہائی نہیں ہوسکتی، بستر مرگ پر پڑی محمود الحسن کی بیمار ماں ثریا بیگم نے دہائی دیتے ہوئے کہا پاکستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ کا عملہ تعاون کرنے سے انکاری ہے، میری زندگی کاکوئی پتہ نہیں، آخری سانسیں لے رہی ہوں، بیٹے کا بڑی شدت سے انتظار ہے، کس سے فریاد کروں، خدارا! وزیراعظم ذاتی دلچسپی لیکر بیٹے کی فوری رہائی یقینی بنائیں تاکہ اپنی زندگی میں آخری بار بیٹے کو دیکھ سکوں۔ دوسری جانب اوورسیز نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے امریکہ میں کمیونٹی کو لاوارث چھوڑ دیا گیا، 40 سال کی قید پوری ہونے کے باوجود محمود الحسن کا جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا شرمناک ہے۔ ڈی جی نادرا، ایف آئی اے اور انٹیلی جنس بیورو خط پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ امریکہ میں مقیم اوورسیز پاکستانی اپنوں کے ظلم کا ہی شکار ہیں۔ نااہل ”ٹرائیکا“ اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم، سفیر سردار مسعود خان اور قونصل جنرل نیویارک عامر خان اتوزئی اوورسیز پاکستانیوں و کشمیریوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے مفادات کے حصول میں مصروف ہیں، کمیونٹی کا کوئی پرسان حال نہیں، ہر کوئی سراپا احتجاج ہے۔ سردار مسعود خان، منیر اکرم اور عامر خان اتوزئی نے منافقانہ پالیسی اختیار کرکے زندگی اجیرن بنا دی۔ عمران خان کے دور حکومت میں سٹیزن پورٹل کی بڑی سہولت تھی اب تو فریاد سننے والا کوئی نہیں، مسائل کے حل کیلئے دربدر ہورہے ہیں۔ وزیراعظم، آرمی چیف فوری نوٹس لیکر نااہل سفارتی عملے کی جگہ ملک و قوم اور کشمیریوں کیلئے دردِ دل ر کھنے والوں کو تعینات کریں اور سزا پوری کرنے کے باوجود بدستود جیل میں قید محمود الحسن کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔
ہے کوئی فریاد سننے والا،امریکی جیل میں قید لاہور کے رہائشی محمود الحسن کی بیمار ماں مسیحا کی منتظر

















