عمران خان جنگ ہار گیا تو پاکستان افریقہ کا کوئی ملک بن جائےگا:فواد چودھری

لاہور:(خبر نگار،کورٹ رپورٹر) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے عمران خان جنگ ہار گیا تو پاکستان افریقہ کا کوئی ملک بن جائے گا،بانی پی ٹی آئی نے ڈیل کی تو شہبازشریف بن جائیں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاعمران خان کو اپنی جنگ نہیں ہارنی چاہیے ورنہ پھر پاکستان میں آئین و قانون کی بحث ہی ختم ہو جائے گی،فواد چودھری نے کہاکارڈ کے گیم کا اگر کوئی بادشاہ ہے تو فضل الرحمن ہے اگر فضل الرحمن کو نہ منایاگیا تو پھر حکومت نہیں چل سکتی،شہباز شریف کو اب خطرہ اپنے گھر نہیں باہر والوں سے اور ان سے ہے جو لےکر آئے ،پاکستان میں جو حالات چل رہے ہیں اتنے بحرانوں میں سنبھلنے کی ضرورت ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا آئین موجود ہے، کسی نئے چارٹر کی ضرورت نہیں ،ملک کے ججز تاریخ رقم کر رہے ہیں، پاکستان میں سوشل چینج آچکا وہ سب نے دیکھا ہے،رابطے ہر جماعت سے ہونے چاہئیں اور سب کو ایک دوسرے کی بات سننی چاہیے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کی 36 مقدمات میں ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری درخواست پر جواب کےلئے سرکاری وکیل کی مہلت استدعا منظور کرلی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے استفسارکیا کتنے اضلاع میں مقدمات درج ہیں؟ ،سرکاری وکیل نے کہا 4 ڈویژنز میں مقدمات درج ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے ایک بندے کےخلاف 36 کیس ہیں،کیسے بیک وقت تمام عدالتوں میں پیش ہو سکتا ہے؟ فواد چودھری نے کہا ٹوٹل 47 کیس ہیں میرے خلاف،چیف جسٹس نے فواد چودھری کو کہا آپ آرام سے بیٹھ جائیں، مجھے بھی تنگ کر رہے ہیں، سرکاری وکیل نے کہا بانی پی ٹی آئی کےخلاف اس سے بھی زیادہ کیسز ہیں،کچھ مہلت دی جائے عدالت نے استدعا منظور کرلی۔