پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات پر اعتراضات، الیکشن کمیشن کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (مشرق نیوز) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات پر اعتراضات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، بیرسٹرگوہر الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوئے، بیرسٹرگوہر علی نے موقف اپنایا کہ ہم نے 9 مارچ کو انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرائی تھیں، ہمیں اعتراضات نہیں بتائے گئے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اعترضات بتائے جائیں تو جواب جمع کرا دیں گے، الیکشن کمیشن نے دلائل سننے کے بعد اعتراضات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ 24 اپریل کو الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات پر بھی اعتراضات عائد کرتے ہوئے اسے 30 اپریل کیلئے نوٹس جاری کردیا تھا۔