لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ہمسائے ہیں اور ایسے بہت سے معاملات ہیں جن کی بنیاد پر آگے بڑھا جا سکتا ہے ،کشمیر کا مسئلہ حل طلب ہے اسے حل ہونا چاہیے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اس کی پوری ہیت ہی تبدیل ہو جائے اور ہماری شہ رگ کاٹ دی جائے، ہر جرم کی نوعیت ہوتی ہے جنہوںنے عسکری تنصیبات ، قائد اعظم سے منسوب عمارت اور شہداءکی یادگاروں کی حرمت کو پامال کیا وہ اخلاقی جرات کا مظاہرہ کریں اور کہیں ہم سے غلطی ہوئی ، اگر کوئی یہ کہے کہ میں مہاتما ہوں تو پھر کیسے بات ہو سکتی ہے ۔ پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے دو جنگیں لڑی ہیں ، کچھ عرصہ پہلے ابھی نندن والی جنگ لڑی ہے ، یہ کام روکنا پڑے گا کیونکہ ہم ہمسائے ہیں ہمیں باہمی تجارت کو فروغ دینا ہوگا بات چیت کریں ،بہت سے معاملات ایسے ہیں جن کی بنیاد پر آگے چلا جاسکتا ہے ۔ کشمیر کا مسئلہ حل طلب ہے اور اسے حل ہونا چاہیے لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اس کی ہیت تبدیل ہو جائے ، میری شہ رگ کاٹ دیں ،آج میرے دریا خشک ہو رہے ہیں،میرا پانی رک گیا ہے ، کن معاملات پر کس طرح آگے جانا چاہیے بڑی باتوں پر بڑی باتیں کریں اس کیلئے باہمی بات چیت ضروری ہے ۔ دریں اثناءسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، سیکرٹری پریس گیلری کمیٹی حسان احمد سمیت سینئر صحافیوں نے ملاقات کی اور پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے صدر اخلاق باجوہ کے جاری علاج کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ملک محمد احمد خان نے پی کے ایل آئی میں زیر علاج اخلاق باجوہ کو تمام تر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔علاوہ ازیں پی کے ایل آئی کے سینئرز ڈاکٹرز نے صحافیوں کے وفد کو اخلاق باجوہ کے علاج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
پاکستان ،بھارت ہمسائے، بہت سے معاملات پر آگے بڑھ سکتے ہیں :سپیکر پنجاب اسمبلی


















