بھارتی وزیر دفاع کا انٹرنیشنل ڈیتھ سکواڈز چلانے کا اعتراف

نئی دہلی (مشرق نیوز) بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کااعتراف کہ بھارت غیر ملکی سرزمین پر اپنے ڈیتھ سکواڈز چلاتا ہے، حیران کن نہیں کیونکہ یہ حقیقت بہت پہلے سے عالمی انٹیلی جنس کمیونٹی کے علم میں تھی تاہم بھارت نے اعتراف پہلی بار کیا۔ بھارتی چینل کو انٹرویو میں راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ بھارت کا امن خراب کرنے کی کوشش کرنیوالے دہشت گرد کو منہ توڑ جواب دیا جائیگا، وہ اگر پاکستان فرار ہوتا ہے تو اسے وہاں جا کر ماریں گے۔ وزیراعظم مودی اس پالیسی کو درست قرار دے چکے ہیں۔ برطانوی اخبار گارجین نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ بھارتی حکومت نے 2020 سے پاکستان میں کم از کم 20 افراد کو ماورائے عدالت قتل کرایا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اگرچہ برطانوی اخبار کی رپورٹ منفی پروپیگنڈہ قرار دیکر مستردکی، مگر راج ناتھ سنگھ کا اعتراف اس انکار کی نفی کرتا ہے۔ راج ناتھ سنگھ سے قبل وزیراعظم مودی نے ایک انتخابی جلسے میں بیرونی ملکوں میں قتل کرانے کی حکومتی پالیسی کا فخریہ ذکر کیا، مگر کسی ملک کا نام نہ لیا،جبکہ بات پاکستان کی کر رہے تھے۔ بھارت میں انتخابی سیزن کی وجہ سے وزیر اعظم مودی اور راج ناتھ سنگھ کی بڑھکیں قابل فہم ہیں، وہ قومی سلامتی اور دہشت گردی کے بیانیہ کو اچھال اورقوم پرستی کو ہوا دیکر انتخابی کامیابی یقینی بنانا چاہتی ہے۔