لاہور: (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے سرگودھا روڈ پر واقع فیکٹری میں بوائلر پھٹنے کے واقعہ میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ افسوسناک واقعہ میں 10 افراد کے جلنے کی اطلاع ہے۔ 10 افراد میں سے تین ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر واپس جا چکے ہیں۔ اس وقت 7 افراد الائیڈ ہسپتال ون فیصل آباد کے برن یونٹ میں زیر علاج ہیں اور سات میں سے ایک مریض کو آئی سی یو میں شفٹ کیا جا رہا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایاکہ باقی چھ مریضوں میں سے بھی ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ الائیڈ ہسپتال ون کے برن یونٹ میں تمام مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اورایم ایس الائیڈ ہسپتال ون فیصل آباد ڈاکٹر فہیم اور سینئر ڈاکٹرز مریضوں کے علاج و معالجہ کو یقینی بنا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ زیر علاج مریضوں میں سے ایک پچانوے، ایک نوے، ایک اسی، ایک چالیس، ایک بیس، ایک اٹھارہ، ایک چودہ اور ایک تین فیصد جھلس چکے ہیں۔مریضوں کی عمر 12 سے 40 سال کے درمیان ہے۔واقعہ میں متاثر ہونے والے افراد میں ابوبکر، سلمان، زنیر، وسیم، فیاض، عمیر، مستنصر، اعظم، ظہور اور وحید شامل ہیں۔
بوائلر دھماکہ، سلمان رفیق کا زخمیوں کے بہترین علاج کا حکم



















