پی ٹی آئی پروپیگنڈا پھربے نقاب،مظلومیت کارڈ زیادہ دیر کارآمد ثابت نہیں ہوتے،عظمیٰ بخاری

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے بشریٰ کی تمام میڈیکل رپورٹس کلیئر قرار دےدی گئیں، 3ہفتوں سے زہر کا واویلا مچایا ہوا تھا، رپورٹس آنے کے بعد معمولی نوعیت کے گیسٹرو کی تشخیص ہوئی ،موصوفہ نے بلڈ ٹیسٹ کرانے کےلئے خون کے نمونے دینا ہی مناسب نہیں سمجھے۔

عظمیٰ بخاری نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ تھا وہ زہر جس کےلئے3 روز سے خیبر پختونخواحکومت بھی سولی پر لٹکی ہوئی تھی؟، تحریک انصاف کی بدقسمتی ہے یہ جو بھی پروپیگنڈا کرتے ان کا پروپیگنڈا خود ہی ایکسپوز ہو جاتا ہے، جھوٹی ہمدردیاں حاصل کرنے کےلئے پروپیگنڈے اور مظلومیت کارڈ زیادہ دیر کارآمد ثابت نہیں ہوتے۔

دریں اثناصوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا نجی نیوز چینل پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق من گھڑت و بے بنیاد خبر نشر کی گئی ، خبر نشر کرنے سے قبل وزیراعلیٰ آفس، ترجمان پنجاب حکومت، یا سپیکر پنجاب اسمبلی کا موقف ہی نہیں لیا گیا، کوئی پرواہ نہیں تانگہ پارٹی کب جلسہ کرتی؟ کہاں کرتی؟ اور جلسے میں کتنے لوگ آتے ہیں، ایسی من گھڑت خبر چلانے والے چینل کےخلاف ایکشن لیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہاوزیراعلیٰ پنجاب سے منسوب کر کے جھوٹی خبر چلانا صحافتی بددیانتی کے مترادف ہے،میڈیا پلیٹ فارم کو کسی جماعت کے پروپیگنڈا سیل کے طور پر استعمال کرنا شرمناک ہے،وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق من گھڑت خبر نشر کرنے والا نیوز چینل معافی مانگے ورنہ لیگل ایکشن لیا جائے گا۔