لاہور :( اپنے رپورٹر سے ) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے پاکستانی نوجوان تخلیقی صلاحیتوں سے مالامال ہیں، حکومتی سرپرستی حاصل ہو تو ہمارے نوجوان اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کر سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یوم تخلیق و اختراع پر خصوصی پیغام میں کہا ”کچھ نیا سوچ“ نوجوان اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کریں، نئے آئیڈیاز تلاش کریں اور زندگی کے تمام پہلووں میں جدت کو اپنائیں، کچھ نیا تخلیق کرنے کی صلاحیت انسانوں کو قدرت کا تحفہ ہے،تخلیقی صلاحیت میں تعلیم بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
مریم نواز نے کہا لاہور میں قائم ہونے والے نواز شریف آئی ٹی سٹی سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتیں پروان چڑھیں گی، ترقی کرنی ہے تو اپنے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی، پنجاب حکومت ملکی ترقی کےلئے نوجوانوں کی اختراعی سوچ کا خیر مقدم کرے گی، جدت طرازی پیداواری صلاحیت، بر آمدات اور ملازمت کے مواقع فراہم کرتی ہے، وہ ممالک جو جدید تحقیق اور ڈویلپمنٹ میں سرمایہ کاری کرتے ہیں وہ معاشی طور پرتیزی سے ترقی کررہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا تخلیقی صلاحیت وقت اور تبدیلی کے ساتھ پیدا ہونے والے مسائل کا حل ڈھونڈنے کیلئے انتہائی ضروری ہے،سائنس، ٹیکنالوجی، میڈیکل سائنس، انجینئرنگ جیسے شعبوں میں تخلیقی صلاحیتوں سے انسان نے معجزات کیے ، تخلیقی صلاحیتوں کی بدولت آئی ٹی، کمپیوٹر سائنس، مصنوعی ذہانت، اور روبوٹکس جیسے شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں،مصنوعات کی تیاری اور خدمات کی فراہمی کو منافع بخش کاروبار بنانے کیلئے جدت طرازی انتہائی ضروری ہے،کریٹیویٹی اور انوویشن سے ہی ہم اپنی مصنوعات اور سروسز کو عالمی منڈی میں قابل قبول بنا سکتے ہیں، تخلیقی صلاحیتیں اور جدت طرازی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہیں۔
دریں اثنا مریم نوازنے چینی زبان کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے چینی زبان عالمی منظر نامے میں بہت زیادہ اہمیت اختیار کرچکی ہے،چینی زبان اقوام متحدہ کی6 آفیشل زبانوں میں سے ایک ہے، دنیا بھی چین اور چینی زبان کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے،چین نے دنیا بھر میں معاشی طو رپر اپنالوہا منوایا ،عوام کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں زبان اہم ہے، چین کی سیاسی، سفارتی اور معاشی اہمیت مسلمہ ہے،چینی زبان سے آگاہی ضروری ہے۔
مریم نواز نے کہا چینی زبان پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید مضبوط کرسکتی ہے، چین کے ساتھ تعلق ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہا ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے چین نے متعدد منصوبوں کا آغاز کیا ہے، چینی باشندوں کی سکیورٹی پر مامور پنجاب پولیس کو چینی زبان سکھائی جاتی ہے، چین کی مارکیٹ کے ساتھ منسلک ہونے کےلئے چینی زبان میں مہارت بہت ضروری ہے، زبان سیکھنے سے چینی ثقافت کو سمجھنے کےساتھ عوام سے بہتر تعلقات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے باغبانپورہ میں ڈاکووں سے مقابلہ میں شہید ہونے والے کانسٹیبل کےلئے حرف عقیدت پیش کیا ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شہید کے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ شہید کانسٹیبل عمران حیدر نے پنجاب پولیس کا سر فخر سے بلند کیا، فرض کی ادائیگی میں جان قربان کرنے والے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب نے زخمی کانسٹیبل دلدار کو بہترین طبی امداد مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی۔
”کچھ نیا سوچ“ترقی کیلئے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی:مریم نواز
















