المہدی سنٹر بروکلین میں نماز عیدالفطر کا روح پرور اجتماع

نیویارک (بیورو رپورٹ) المہدی سنٹر بروکلین میں شیعان علی کا عظیم اجتماع منعقد ہوا جس میں 800 خوش قسمت افراد نے نماز عید الفطر ادا کی۔ سنٹر کے دونوں ہال 779 اور 781 کھچا کھچ بھر گئے۔ خلیفہ نفیس الحسن اور ان کی فیملی نے تمام شرکا کو ناشتہ پیش کیا حسن جعفری و فیملی حاجی رزاق گجر وفیملی، حاجی محمد نذیر چٹھہ و فیملی نے شیریں خورمہ مٹھائی اور چانپوں کا اہتمام کیا تھا، علامہ سید حسین شیرازی فاضل قم بھی نماز کے اجتماع میں شریک ہوئے۔ آیت اللہ کے شاگرد مولانا عظمت ازبکستانی نے بھی نماز عید میں شرکت کی۔ آیت اللہ نے اپنے خطبہ عید میں کہا عید کو اسلئے عید کہتے ہیں کہ یہ بار بار آتی ہے ہمیں زندوں اور مردوں کی خدمت کیلئے مستعد ہونا چاہیے۔ عیادت مریض اور صلہ رحمی کا خیال رکھنا چاہیے۔ فطرت، جبلت، عادت خصلت، تخلیق کی خوبصورتی کا خیال رکھنا چاہیے خلق ( خ پر زبر ) اللہ کا کام ہے جبکہ خلق ( خ پر پیش )بندوں کا کام ہے انہوں نے کہا نیویارک کے پانچوں باروز میں یہ اردو زبانوں کا یہ واحد سنٹر ہے جن بچوں کے کانوں میں اذان کہی تھی، آج وہ اذانیں دے رہے ہیں، جو بچے سنٹر کی بنیاد کے وقت پیدا ہوئے تھے آج وہ صاحب اولاد ہوگئے ہیں۔ معمولی وسائل سے غیر معمولی خدمت کی ہے ہمارے مخالفین مخالفت کرتے رہیں تاکہ ہم احتیاط کے ساتھ خدمت میں آگے بڑھتے رہیں۔