داتا گنج بخش ٹاﺅن، رشوت خور بلڈنگ انسپکٹر کی زیرسرپرستی پلازہ میں غیرقانونی تعمیرات

لاہور ( خبر نگار ) داتا گنج بخش زون انتظامیہ کی سرپرستی میں بیڈن روڈ پر واقع پلازے کی دو مزید بالائی منزلوں کی غیر قانونی تعمیر نے بلدیہ عظمیٰ کے ارباب اختیار کی اہلیت کا پردہ چاک کرکے رکھ دیا۔ڈی سی لاہور سمیت متعلقہ افسران کو گمراہ کرتے ہوئے داتا گنج بخش زون کے بلڈنگ انسپکٹر نے لاکھوں روپے رشوت کے عوض پلازے کی مزید دو منزلیں تعمیر کروا دی ہیں، جس کے بعد غیر قانونی عمل میں ملوث تمام ذمہ داران نے محکمے سے غداری کے جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کو لاکھوں روپے کی آمدن سے محروم کردیا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ لاہور کا شعبہ پلاننگ اپنے طے شدہ سالانہ مالی اہداف پورے نہ کرنے کی وجہ سے پہلے ہی کڑی تنقید کی زد میں ہے، مذکورہ شعبے کو ہر ماہ لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم اس کے باوجود پالیسی سازوں کی جانب سے ابھی تک کسی بھی ایسی پیشرفت پر کام نہ کیا جاسکا ہے جس کے باعث اس نقصان کو کسی صورت کم کیا جاسکے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام زونز کے شتر بے مہار زونل افسر اور بلڈنگ انسپکٹر اس نقصان کی بڑی وجہ بن کر سامنے آئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بیڈن روڈ پر واقع مذکورہ پلازہ بنیاد سے ہی غیر قانونی ہے، اب اس پلازے مزید دو بالائی منزلیں تعمیر کرلی گئی ہیں، ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ کمرشل پلازے کی دو منزلیں تعمیر کرنے کیلئے بلڈنگ انسپکٹر نے 10 لاکھ روپے رشوت وصول کی ہے۔