ججوں کو دھمکی آمیز خطوط، تحقیقاتی ٹیموں نے تفتیش شروع کر دی

اسلام آباد (مشرق نیوز) اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کو دھمکی آمیز خطوط بھیجنے کے معاملے پر تحقیقاتی ٹیموں نے خطوط میں ملنے والے کیمیکل اور اسکی سپلائی کی بھی تفتیش شروع کر دی۔ مذکورہ کیمیکل کہاں سے ملتا ہے اس حوالے سے سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے آرسینک بیچنے والوں کا سراغ لگانا شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے اسلام آباد کے آئی ٹین اور راولپنڈی میں نیو ٹاون اور کمرشل مارکیٹ کے پنسار سٹوروں کا دورہ کیا۔ تحقیقاتی ٹیموں نے دونوں علاقوں کے قریب واقع پنسار اسٹور کا ڈیٹا حاصل کیا، پنسار اسٹورز سے آرسینک پاوڈر کی خریداری سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی۔ سی ٹی ڈی نے جڑواں شہروں میں آرسینک بیچنے والوں کا مکمل ڈیٹا حاصل کرنا شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کو موصول ہونے والے خطوط میں آرسینک ملا پاوڈر بھی شامل تھا۔