امریکہ، نااہل ”ٹرائیکا“ نے سزا پوری کرنیوالے پاکستانیوں سے عید کی خوشیاں چھین لیں

نیویارک(خواجہ فاروق) ”اپنے ہی گراتے ہیں نشمین پر بجلیاں“عمران دور حکومت میں تعینات نااہل ”ٹرائیکا“ نے امریکہ میں سزا پوری کرنیوالے پاکستانیوں سے عید کی خوشیاں چھین لیں، رہائی نہ ہونے پر عید پیاروں کے بغیر جیل میں ہی گزارنے پر مجبور ہوگئے، قیدیوں کے اہل خانہ نے دہائی دیتے ہوئے کہا اپنوں کے ظلم کاہی شکار ہیں، کسی غیر ملک سے کیا امید رکھیں۔ وزیراعظم اور آرمی چیف دیار غیر کی جیلوں میں بند قیدیوں کی رہائی کیلئے فوری خصوصی ڈیسک قائم کریں تاکہ وہ اپنے ملک آکر پیاروں کیساتھ اچھی زندگی گزار سکیں، اوورسیز پاکستانیز نے ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکہ میں تعینات ”ٹرائیکا“ اوورسیز پاکستانیوں و کشمیریوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے مفادات کے حصول میں مصروف ہے، سزا پوری کرنے والے پاکستانیوں کاعدالتوں سے رہائی احکامات ملنے کے باوجود بدستور قید گزارنا سفارتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے، عملہ سہولیات کی فراہمی کے بدلے رقم کامطالبہ کرتا ہے، ڈیمانڈ پوری نہ ہونے پر بے یارومدگار چھوڑ دیا جاتا ہے، اوورسیز پاکستانیز نے کہا امریکہ میں تعینات ”ٹرائیکا“سفیر سردار مسعود خان، اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم اور قونصل جنرل نیویارک عامر خان اتوزئی نے منافقانہ پالیسی اختیار کررکھی ہے، تینوں برملا کہتے ہیں جتنی مرضی خبریں لگائیں،کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، مسائل کے حل کیلئے دربدر ہورہے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں، وزیراعظم اور آرمی چیف فوری نوٹس لیکر نااہل سفارتی عملے کی جگہ ملک و قوم اور کشمیریوں کیلئے درد دل رکھنے والوں کو تعینات کریں، امریکہ کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی واپسی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے امریکہ میں ٹرائیکا اتحاد پاکستان کی سفارتکاری پر ضرب لگاتے ہوئے مسئلہ کشمیر اور پاکستانی اوورسیز کے مسائل پر بات کرنا بھی مناسب نہیں سمجھتے اور بھارتی سفارتکاروں سے رابطے تیز کردئیے، برملا کہتے ہیں موجودہ حکومت کشمیر سے زیادہ بھارت سے تجارت کو زیادہ اہمیت دیتی ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔