اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے بشریٰ کو بنی گالہ میں زہردیا گیا،اہلیہ کی جلد ، زبان پر نشانات پڑ گئے ،کچھ ہوا تو ذمہ داراسٹیبلشمنٹ ہوگی۔
اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈ ریفرنس پر سماعت ہوئی،بانی پی ٹی آئی کا احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا سے مکالمہ ہوا۔
عمران خان نے دعویٰ کیابشریٰ کو بنی گالہ میں زہردیا گیا ،مجھے پتہ ہے پیچھے کون ہے،اہلیہ کی جلد ،زبان پر نشانات پڑ گئے ، عدالت مکمل میڈیکل چیک اپ اور انکوائری کرانے کا حکم دے،بشریٰ کا معائنہ شوکت خانم کے ڈاکٹر عاصم یونس سے کرایا جائے،عدالت نے بانی پی ٹی آئی کوطبی معائنے کی درخواست دینے کی ہدایت کردی،سماعت کے دوران ایک اور گواہ کے بیان پر جرح مکمل ہوئی، ریفرنس پرسماعت 6 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔
بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاخط لکھنے والے ججز کو سلام پیش کرتا ہوں، خواہش تھی فل کورٹ سماعت کرتا، 7 ججز کا بنچ کمیشن سے بہتر ہے، شوکت عزیز صدیقی یا اس سے بھی پہلے کی تحقیقات کریں، بشریٰ کوکچھ ہوا تو اسٹیبلشمنٹ ذمہ دار ہوگی،ججز پیغام دیتے ہیں وہ بے بس ہیں، پولیس کہتی ہے دباو ہے، جیل کو بھی آئی ایس آئی کنٹرول کر رہی ہے احتساب عدالت کے سابق جج بشیر دباو کی وجہ سے 5مرتبہ جیل کے ہسپتال گئے۔
سابق وزیراعظم نے کہاعدت نکاح کا کیس سننے والے جج قدرت نے وکلا کو بتایا اس وقت تک بیٹے کا ولیمہ نہیں کرسکتا جب تک فیصلہ نہ سناوں، سائفر کیس میں میرا 342 کا بیان ہو رہا تھا جج 10 منٹ کیلئے باہر گئے اور واپس آتے ہی فیصلہ سنا دیا، تمام ججز باہر سے کنٹرول ہو رہے تھے۔
عمران خان نے کہاعارف علوی کے ذریعے جنرل عاصم منیر کو پیغام بھیجا تھا مجھے لندن پلان کا علم ہے، چیف الیکشن کمشنر لندن پلان پر عملدرآمد کا مرکزی کردار تھا، نگران حکومت ،الیکشن کمیشن نے ملکر لندن پلان پر عملدرآمد کیا، دھاندلی کا مقصد پی ٹی آئی کو ختم کرنا تھا، اقتدار میں بیٹھے لوگ ایجنسیوں کے بغیر ایک قدم بھی نہیں اٹھا سکتے، صرف 4حلقے کھول دیں تو حکومت گر جائے گی،شکر ہے تصدق جیلانی نے کمیشن کی سربراہی سے انکار کیا،ملکی مستقبل کی جنگ چل رہی ہے، سابق کمشنر راولپنڈی کو اب تک غائب رکھا گیا ، وسل بلور کو تحفظ ملتا ہے مگر کمشنر کو غائب کر دیا جاتا ہے، کمشنر راولپنڈی اور فارم 45 ایک ہی بات کی نشاندہی کررہے ہیں کیوں تحقیقات نہیں ہوئیں؟، وزیر خزانہ اور ایس آئی ایف سی جو مرضی کرلیں ملک میں سرمایہ کاری نہیں آئی کیونکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد ختم کر دیا گیا، معیشت سست روی کا شکار ،ملک تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے، مجھے ڈرانے کےلئے بشریٰ کو زہر دیا جا رہا ہے، اہلیہ کو زہر دیا جائے گا تو کیا میں خاموش بیٹھوں گا؟۔
سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہامیرے امریکی ایجنٹ ہونے پرپارٹی میں باتیں پھیلائی جا رہی ہیں، میرے کھانے میں ”ہارپک“ کے 3قطرے ملائے گئے، تحقیق سے پتہ چلا ہارپک سے ایک ماہ بعد طبیعت زیادہ خراب ہوتی ہے، مجھے آنکھوں میں سوجن ،سینے ،معدے میں تکلیف ہوتی ہے، کھانا،پانی بھی کڑوا لگتا ہے، پہلے شہد میں بھی کچھ ملایا گیا تھا،جیل میں بھی کسی نے بتایا تھا کھانے میں ہارپک ڈالا گیا ،نام نہیں بتاوں گی ،مجھے بنی گالہ میں باعزت طریقے سے رکھا گیا ، پہلے کھڑکیاں بند رکھی جاتی تھی اب کچھ دیر کےلئے کھول دی جاتی ہیں،پنجابی کہاوت ہے بندہ بندے نو کھا جاندااے، جج اور اداروں کو بندے کھاتے دیکھا تو کہاوت کی سمجھ آئی ۔
بشریٰ کو بنی گالہ میں زہردیا گیا،کچھ ہوا تو ذمہ داراسٹیبلشمنٹ ہوگی،عمران خان
















