ناقص حکمت عملی، کمزور پالیسیاں، ضلعی حکومت کی ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروائیاں مثبت نتائج سے محروم

لاہور (خبرنگار) ضلعی حکومت کی ناقص حکمت عملی اور کمزور پالیسیوں کے سبب ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروائیوں کے ذریعے معنی خیز نتائج برآمد نہ ہوسکے، ناجائز منافع خور ماہ مقدس میں بھی شتر بے مہار رہے اور عوام کو لوٹنے میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی گئی، تاہم دوسری جانب دیکھا گیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے پاس اضافی ذمہ داریوں کا بوجھ اس قدر بڑھ جاتا ہے کہ وہ پرائس چیکنگ جیسے اہم امور کے ساتھ انصاف نہیں کرپاتے، اسکی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ 60 سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے پاس اصل ذمہ داریاں تو ان کے اپنے محکمے کی ہوتی ہیںجبکہ اکثر کے پاس تو ان کے محکمے میں بھی ایک سے زائد ذمہ داریاں ہوتی ہیں، جس کے باعث وہ خود فیلڈ میں نکل کر بہتر انداز میں پرفارم نہیں کرپاتے۔ جبکہ دوسری اور اہم وجہ یہ بھی ہے کہ ضلعی حکومت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے سے عاری نظر آتی ہے، ایک سے زائد اضافی ذمہ داریاں رکھنے والے افسروں کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا ٹاسک سونپا جاتا ہے تو اسے پورا علاقہ پھرنے کیلئے اضافی پٹرول تک کی سہولت نہیں دی جاتی، متعدد مجسٹریٹس کے پاس سرکاری گاڑیاں تک نہیں ہےں وہ غیر سرکاری گاڑیوں پر خود سے پٹرول خرچ کرکے پرائس چیکنگ کی ڈیوٹی انجام دیتے نظر آتے ہیں، سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تھانے میں ایف آئی آرز درج کرانے کے لئے رشوت بھی خود سے ادا کرتے ہیں۔ ضلعی حکومت کو چاہیے کہ پرائس چیکنگ جیسے اہم امور کو پرفارم کرنے والے مجسٹریٹس کےلئے اصلاحات کا نفاذ کیا جائے تاکہ آئندہ بہتر نتائج برآمد ہو سکیں۔