لاہور (ہیلتھ رپورٹر) ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر منیر احمد ملک نے کہا ہے کہ ہسپتال میں 6 کروڑ کے گلوز خریدنے میں کوئی صداقت نہیں۔ تمام خریداری PPRA رولز کے مطابق کی گئی ہے۔ مالی سال کے شروع میں خریداری کی تعداد کا تعین یوزر اینڈ کی ڈیمانڈ اور ریشنلائزیشن کمیٹی کے فائنل مقرر کردہ مقدار کے مطابق کیا جاتا ہے۔ فریم ورک کنٹریکٹ مکمل ہونے کے بعد خریداری کی مقدار کا تعین بھی یوزر اینڈ کرتاہے اور سٹور میں ڈیمانڈ دیتا ہے۔ پھر سٹور کیپر، فارماسسٹ، چیف فارماسسٹ، ڈی ایم ایس سٹور، اے ایم ایس سٹور اور پھر آڈیٹر، اکاونٹس آفیسر، فنانس آفیسر اسکو تصدیق کرتے ہیں تو ایم ایس پرچیز آرڈر جاری کرتا ہے۔ اسی طرح پرچیز سیکشن میں بھی تمام کمیٹیاں اور پرچیز سیل اور فنانس کئی جائزے اور سفارش کے بعد ایم ایس دستخط کرتا ہے۔ میرے دور میں تمام مراحل کو شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا اور ٹھیکیداروں کی سالوں کی مناپلی کو توڑا گیا جس پر وہ عناصر بلیک میلنگ کر رہے ہیں۔ عرصہ دس سال سے سروسز ہسپتال کا 80 فی صد سے زائد ٹینڈر ایک ہی ٹھیکیدار کو جا رہا ہے۔ دس سال میں آڈٹ نے اس ٹھیکیدار کر کھربوں کی مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے۔ نیب میں بھی اسکے کیسز چل رہے ہیں۔ اس ہسپتال میں ایک ہی ٹیسٹ کی کٹیں تین تین مختلف ریٹ پر ایک ہی وقت میں خریدی جارہی ہیں جن کو میں نے ختم کرکے اب اوپن ٹینڈر پر کٹس خریدنے کا اشتہار دیا ہے۔ کرونا میں اسی ٹھیکیدار نے ہزاروں گنا زیادہ ریٹ پر سروسز کو سامان دیا، سب کچھ ریکارڈ پر ہے۔ محکمے کو سروسز ہسپتال کا ایک نہیں بلکہ 10 سال کا اور خاص کر کوویڈ کا آڈٹ کروانا چاہیے۔
ہسپتال میں 6 کروڑ کے گلوز خریدنے میں کوئی صداقت نہیں: ڈاکٹر منیر احمد ملک



















