سویلین کے فوجی ٹرائل کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں کا معاملہ،کے پی کابینہ میں اختلافات سامنے آگئے

پشاور (بیورو رپورٹ) سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیخلاف انٹرا کورٹ اپیلوں کے معاملے پر خیبر پختونخوا کابینہ میں اختلافات سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق کے پی کابینہ نے اختلاف رائے سے انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے کی منظوری دی۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخواہ نے سپریم کورٹ میں گزشتہ سماعت پر انٹرا کورٹ اپیلیں واپس لینے کا عندیہ دیا تھا، کے پی کابینہ نے فوجی عدالتوں کے مقدمے میں انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے کی منظوری دیدی۔

وزیراعلیٰ کے پی سیکرٹریٹ نے کابینہ ارکان سے ہنگامی بنیاد پر منظوری سرکلر کے ذریعے لی، انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے کیلئے کے پی کابینہ کے وزرا سے سمری پر دستخط لئے گئے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ دستخط کرنے والوں میں ارشد ایوب، شکیل احمد، فضل حکیم خان، عاقب اللہ خان، مینا خان، نذیر احمد عباسی، سید قاسم علی شاہ اور محمد زبیر شاہ شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے 7 وزرا نے اپیل واپس لینے کی سمری پر دستخط نہیں کیے، جن کابینہ اراکین نے دستخط نہیں کئے ان میں عدنان قادری، محمد سجاد، فضل شکور اور پختون یار خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آفتاب عالم آفریدی، خلیق الرحمان اور فیصل خان ترکئی بھی دستخط نہ کرنے والوں میں شامل ہیں۔