واشنگٹن (خواجہ فاروق) امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ اپنوں کیخلاف ہی کمربستہ، اوورسیز کو ڈی پورٹ کرانے لگا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ سٹیٹس لاءکو استعمال کرکے اپنے ہی ملک کے باشندوں کو امریکی ایجنسیوں و سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کر کے پاکستان ڈی پورٹ کرانے میں مصروف عمل ہے۔ معصوم پاکستانی جب اپنے شناختی کارڈ و پاسپورٹ کی تجدیدکرانے پاکستانی سفارتخانے پہنچتے ہیں تو سب سے پہلے امریکہ میں موجود سٹیٹس دریافت کیا جاتا ہے، بغیر سٹیٹس یعنی گرین کارڈ، امریکی سٹیزن، ورک پرمٹ یا ویلڈ ویزے کے بغیر امریکہ میں موجود کسی بھی پاکستانی کا شناختی کارڈ یا پاسپورٹ ری نیو نہیں کیا جاتا اور انکوائری میں ڈال دیا جاتا ہے۔ دوسری جانب بے شمار افراد کو پاکستانی سفارتخانہ باقاعدہ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرکے ڈی پورٹ کرا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی ڈاکومنٹ بنوانے اپنے ہی ملک کے سفارتخانے پہنچتے ہیں تو چند دن کے اندر ہی امریکی ایجنسیاں چھاپہ مار کر اٹھا لے جاتی ہیں، پھر کچھ دن کے بعد ڈی پورٹ کردیا جاتا ہے، سٹیٹس لاءقانون پاکستان نے 9-11 کے بعد امریکی حکام کے کہنے پر لاگو کیا اور بدستور قائم و دائم ہے جسے کمیونٹی سے چھپا کر رکھا گیا، نہ جانے کتنے ہی معصوم پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے سٹیٹس لاءکی بھینٹ چڑھا دئیے گئے، اوورسیز پاکستانیز اپنوں کی جانب سے کئے گئے ظلم سے باخبر رہے، پاکستانی سفارتخانے کے عہدیداروں، دفتر وزارت خارجہ کو معاملے پر 10 سوال لکھ کر بھیجے گئے اور سٹیٹس لاءکی تفصیلات مانگی گئیں لیکن کئی دن گزرنے کے باوجود حکام جواب دینے سے گریزاں ہیں۔ اووسیز پاکستانیوں نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نااہل سفارتکاروں کا اپنوں کیخلاف یہ اقدام ناقابل قبول ہے، حکومت فوری ایکشن لے ورنہ دیار غیر میں مقیم شہریوں میں بڑھنے والا غصہ حکومت کیخلاف نفرت بن جائیگا اور ملکی ساکھ کو شدید نقصان پہنچے گا۔ اوورسیز پاکستانیز نے مزید کہا امریکہ میں تعینات ”ٹرائیکا“ سفیر سردار مسعود خان، اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم اور قونصل جنرل نیویارک عامر اتوزئی صرف اور صرف اپنے مفادات کیلئے کام کررہے ہےں لہٰذا اپنوں کیخلاف اقدام پر تینوں کو فوری ہٹا کر خدمت کے جذبے سے سرشار سفارتکاروں کو تعینات کیا جائے۔ واضح رہے بہت بڑی پاکستانیوں کی تعداد امریکہ کی جیلوں میں قید ہے اور سزائیں ختم ہونے کے باوجود پاکستان ڈیپورٹ نہیں کیا جا رہا، پاکستانی سفارتکار امریکی حکومت کی تحریری درخواست اور عدالتی احکامات کے باوجود سفری دستاویزات دینے سے لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں جو ظلم ہے، مظلوم پاکستانیوں کی آہ و فغاں سننے والا کوئی نہیں۔ پاکستانی امریکنز نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور وزیراعظم شہبازشریف سے اپیل کی ہے کہ خدارا رمضان المبارک کے مہینے پاکستانیوں کی رہائی کیلئے فوری احکامات جاری کئے جائیں تاکہ اپنی فیملیوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔
امریکہ، پاکستانی سفارتخانہ اپنوں کیخلاف ہی کمر بستہ، اوورسیز کو ڈی پورٹ کرانے لگا



















