اسرائیلی فوج نے الشفا ہسپتال غزہ میں فوجی کارروائی میں توسیع کر دی

تل ابیب (مشرق نیوز) اسرائیل کے اعلیٰ فوجی کمانڈر نے غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال الشفا پر دوسرے بڑے فوجی حملے کے چھٹے روز اعلان کیا ہے کہ ہسپتال پر حملے کی یہ کارروائی فی الحال ختم نہیں کی جا رہی ہے۔ یہ فوجی کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آخری جنگجو ہماری دسترس میں نہیں آجاتا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اعلان اسرائیلی فوج نے ایسے وقت میں کیا جب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل غزہ کی سرحد پر آئے اور انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کا اپنا دیرینہ مطالبہ دہرایا۔ واضح رہے ہسپتالوں پر حملے اسرائیلی جنگ کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ اسی وجہ سے اب یہ الشفا ہسپتال بھی پچھلے سات دنوں سے فوجی کارروائیوں کا نشانہ ہے۔ جہاں پر اسرائیلی فوج بے دریغ قتل عام کر رہی ہے۔اسرائیلی فوج کا دعوی ہے کہ اس نے یہاں سے 350 جنگجووں کو گرفتار کیا ہے جبکہ 170 کو ہلاک کر چکا ہے۔ خیال رہے الشفا ہسپتال کے کمپانڈ میں زخمیوں اور مریضوں کے علاوہ مقامی طور پر بے گھر فلسطینی بھی پناہ لیے ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج ان میں سے ہر ایک کو مشتبہ جنگجو سمجھتی ہے۔اسرائیلی جنوبی کمانڈ کے سربراہ جنرل یارون فلنکل مین کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے ہم ہسپتال میں جنگی کارروائی اس وقت تک ختم نہیں کریں گے جب تک آخری دہشت گرد زندہ یا مردہ حالت میں ہمارے ہاتھوں میں نہیں آ جاتا۔ جنرل یارون نے ہسپتال پر حملہ میں شریک فوجیوں سے ہسپتال میں ملاقات کی اور تعینات دستوں کا حوصلہ بڑھایا۔