مزید 2مقدمات میں بری،5،6ماہ جیل میں رہوں گا پھر حکومت ختم ہوجائے گی:عمران

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان مزید 2مقدمات میں بری،190 ملین پاونڈ ریفرنس میں اور2گواہوں کے بیانات ریکارڈ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی وکلا سے ملاقات کرانے کا حکم دےدیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کیسز میں عمران خان و دیگر کی بریت درخواستوں پر سماعت کی ،عدالت نے کہابانی پی ٹی آئی و دیگر ملزموں پر لانگ مارچ کے دوران لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے اگر عوام کو عمران خان و دیگر نے اکسایا تو پراسیکیوشن کو بادی النظر میں ثابت بھی کرنا ہوگا،بانی پی ٹی آئی و دیگر کےخلاف کوئی ثبوت عدالت میں جمع نہیں کرایاگیا، تمام ملزموں کےخلاف کیس چلانے کےلئے ریکارڈ ناکافی ہے۔

بعد ازاں عدالت نے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے مزید 2 کیسز میں عمران خان ،شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، سیف نیازی ،عامرکیانی، علی نواز اعوان، راجہ خرم، فیصل جاوید ، شیخ رشید اور شیریں مزاری کو بری کردیا۔

دریں اثنا اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاونڈ ریفرنس پر سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی،مزید 2گواہوں کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے۔

ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 6 مقدمات اور اہلیہ بشریٰ کی ایک مقدمے میں درخواست ضمانت کیس میں آئندہ سماعت پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دےدیا ۔

مزید برآںاسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان ،شاہ محمود قریشی کی سزا کےخلاف اپیلوں پر سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی،چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے سرکاری وکلا کی تعیناتی کس قانون کے تحت ہوتی ہے؟،عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے دسمبر اور جنوری کے حاضری رجسٹر کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

ادھر جسٹس ارباب طاہر نے جیل حکام کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی وکلا سے ملاقات کرانے کا حکم دےدیا۔

دوسری جانب صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا 5،6ماہ جیل میں رہوں گا پھر حکومت ختم ہوجائےگی،کیسزکے فیصلے پہلے سے ہوچکے ،صرف کارروائی ہو رہی ہے، القادر ٹرسٹ کمال کا کیس ہے ،چوری نہیں ہوئی پیسہ بھی حکومت کے پاس ہے اور ٹرسٹ بھی چل رہا ہے،حسن شریف نے انگلینڈ میں 9 ارب کا گھر 18 ارب میں بیچا، برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے مشکوک ٹرانزیکشن پکڑ لی، حسن نواز سے پوچھا جانا چاہیے گھر خریدنے کا پیسہ کہاں سے لایا حسین نواز نے ٹی وی پر کہا تھا فلیٹ مریم نواز کے ہیں۔

عمران خان نے کہا سارا نظام بے نقاب ہو گیا ، نگران حکومت ،الیکشن کمیشن اور اسٹیبلشمنٹ سب ایک ہیں ، سب کچھ جھوٹ پر چل رہا ہے، الیکشن جھوٹ پر مبنی ہوئے جس نے سب کچھ ایکسپوز کر دیا، الیکشن کمشنر کتنا جھوٹا شخص ہے، فافن سمیت 5رپورٹس کے باوجود بھی بیٹھا ہوا ہے، سب کہہ رہے ہیں چیف الیکشن کمشنر کو استعفیٰ دینا چاہیے،آئی ایم ایف پروگرام سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔