افسران کی عدم توجہ، اربوں کی لاگت سے بنائی ڈولفن فورس ناکام

لاہور (مرزا ندیم بیگ) افسران کی عدم توجہی اور نااہلی کے باعث اربوں روپے کی لاگت سے سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے بنائی گئی ڈولفن فورس ناکارہ پڑگئی۔ عوام کے تحفظ کیلئے بننے والی فورس کیلئے پٹرول کی قلت ، شہر بھر میں ڈولفن فورس کا گشت نہ ہونے کے برابر ہوگیا۔ پولیس افسران نے سابق دور حکومت میں اپنے لئے 4 ارب کی گاڑیاں لے لیں لیکن ڈولفن کے پٹرول کا مسئلہ حل نہ کیا۔ سابق دور حکومت میں افسران نے شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دینے کی بجائے پی ایس پی افسران کیلئے 4 ارب کی گاڑیاں خریدیں اور عوام کو تحفظ دینے والی ڈولفن فورس کے فنڈز نہ بڑھائے گئے جس کی وجہ سے چند ماہ سے ڈولفن فورس کا گذشتہ روز بروز کم ہوتا جا رہا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق گذشتہ روز ڈولفن سکواڈ کی 550 موٹر سائیکلوں میں سے صرف 20 بائیکس پٹرولنگ کیلئے بھجوائی گئیں اور باقی تمام ڈولفن فورس کے اہلکاروں کو رات کے اوقات میں عارضی طور پر تھانوں کے حوالے کر دئیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق افسران کی جانب سے ہیوی بائیکس کے پٹرول کی خریداری کیلئے فنڈز جاری نہیں کئے جا رہے۔ اسکے ساتھ ساتھ ڈولفن سکواڈ کا گشت روکنے سے سیف سٹی اتھارٹی کا بائیس ارب کا پروجیکٹ بھی گھٹائی میں جانے لگا کیونکہ سیف سٹی کو موصول ہونے والی ون فائیو کی کالز پر ڈولفن پہنچ ہی نہیں پا رہی۔ دوسری جانب ڈولفن فورس کا کردار احتجاج کے دوران پکڑ دھکڑ اور محدود ناکوں تک رہ گیا جبکہ ڈولفن فورس کے غیر فعال ہونے سے سٹریٹ کرائم ایک بار پھر بڑھ گئے ہیں،اس حوالے سے ذمہ داران سے موقف لینے کیلئے رابطہ کیا گیا مگر بات نہ ہو سکی اگر وہ اپنا موقف دینا چاہیں تو ادارہ اسے من وعن شائع کریگا۔