لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر منشیات کی لعنت کو جڑ سے خاتمے کیلئے صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے کریک ڈاون میں تیزی لائی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ یوتھ انگیجمنٹ پروگرام کے تحت نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں، مختلف مقامات پر 383 ریڈز کئے گئے، 253 منشیات فروش گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے جبکہ منشیات فروشوں کے قبضے سے 216 کلوگرام چرس، آدھا کلو آئس، 02 کلو گرام ہیروئن، 33 کلو گرام افیون، 2804 لٹر شراب برآمدکی گئی ہے۔ دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے شہدا اور ملازمین کے بچوں کی اعلی فنی تعلیم کیلئے ایک اور احسن اقدام لیا ہے، پنجاب پولیس اور نجی کالج (شمیم رمضان کالج آف ہیلتھ سائنسز) کے درمیان ایم او یو طے پا گیا جس کے تحت پولیس ملازمین کو بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی ای او کالج شاہد رسول نے دستخط کئے۔ایم او یو کے تحت پولیس شہدا کے بچوں کو فارمیسی ٹیکنیشن، ڈسپنسر، میڈیکل لیب، آپریشن تھیٹر اور ریڈیالوجی ٹیکنالوجی کے سپیشلائزڈ کورسز بالکل مفت کروائے جائیں گے، حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو تمام کورسز فیس میں 50 فیصد رعایت دی جائے گئی، وہاڑی، اوکاڑہ، جھنگ، عارف والہ اور شورکوٹ میں قائم پانچ کالجوں میں پولیس ملازمین ڈسکاونٹ سے مستفید ہو سکیں گے۔ دوسری طرف ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی، آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور انکی فیملیز کی پیش کردہ درخواستیں سنیں اور ریلیف بارے ہدایات جاری کیں۔آئی جی پنجاب نے فیملی کلیم پر بھرتی مکینک ثقلین علی کی تنخواہ جاری کرنے کی درخواست پر ڈی پی او شیخوپورہ کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی، سب انسپکٹرز عمیر جاوید، شاہ زیب طارق اورضیا الحق کی پروموشن درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو کارروائی کا حکم دیا۔
منشیات کی لعنت جڑ سے ختم کرنے کیلئے صوبے میں کریک ڈاون تیز کردیا :آئی جی پنجاب

















