پاکستان اور آئی ایم ایف اتفاق رائے پیدا کرنے میں ناکام، مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف ابھی تک سٹاف لیول معاہدے پر اتفاق رائے پر نہیں پہنچ پائے ہیں، یہ اتفاق رائے دوسرے جائزے کی تکمیل اور 1.1 ارب ڈالر کی تیسری قسط کے اجزا کیلئے ضروری ہے چنانچہ آئی ایم ایف کے مشن نے اسلام آباد میں اپنا قیام مزید ایک دن کیلئے بڑھا دیا ہے۔

آئی ایم ایف اسٹاف لیول معاہدہ کرنے سے پہلے جاری معاملات بشمول یکم جولائی 2024 سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے اور ایندھن کی قیمتوں میں ردوبدل پر وزیراعظم شہبازشریف سمیت اعلیٰ سطح کی یقین دہانیوں کا خواہاں ہے۔ صوبوں نے 600 ارب روپے سرپلس ریونیو پیدا کرنے پر اتفاق کیا ہے لیکن یہ معاملہ ابھی تک مسائل کا شکار رہا ہے کیونکہ ایم ای ایف پی کو حتمی شکل دینے کیلئے اس میں ردوبدل متوقع ہے تاکہ اس پر اتفاق رائے پیدا کیاجاسکے۔

ایک معاملہ اور بھی ہے اور وہ یہ کہ آئی ایم ایف پرچون فروشوں کے حوالے سے سکیم کا اعلان بھی چاہتا ہے لیکن ایف بی آر مہمان ٹیم کو اس امر پر قائل کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ یہ سکیم آئندہ بجٹ میں لانچ کی جائے کیونکہ اس کیلئے کوششیں تو بہت کرنا ہوں گی جبکہ مجموعی آمدن پر اسکا کوئی زیادہ مثبت اثر نہیں آئیگا۔ ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ آئی ایم ایف سٹاف لیول معاہدے میں پرچون فروشی کے حوالے سے اس سکیم کو کیسے ایڈجسٹ کرتا ہے جس 3 ارب ڈالر کے سٹینڈ بائی ایگریمنٹ پروگرام کے تحت 1.1 ارب ڈالر کی تیسری اور آخری قسط کا اجرا ہوسکے۔

آئی ایم ایف نے ماہانہ ریونیو اکٹھا کرنے کے ہدف کے حوالے سے اس توقع کا اظہار کرتے ہوئے ردوبدل کرلیا ہے کہ ایف بی آر 30 جون 2024 تک بالآخر 9415 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرنے کا ہدف حاصل کرلے گا۔ پاکستان آئی ایم ایف کے مہمان مشن کو توسیع شدہ فنڈ سہولت ( ای ایف ایف ) کے تحت ایک اور طویل مدتی بیل آوٹ پیکیج کے حصول کے حوالے سے اپنے ارادوں سے بھی آگاہ کر سکتا ہے۔

فی الوقت یہ تجویز زبانی ہوگی اور امکان ہے کہ آئی ایم ایف ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس جو 15 تا 20 اپریل کو سالانہ اجلاس کے موقع پر رسمی درخواست کی جائیگی۔ پاکستانی وفد کی سربراہی وزیر خزانہ کرینگے اور سرکاری وفد 17 سے 20 اپریل تک اس میں شرکت کیلئے جائیگا۔ منگل کو متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ساتھ کوئی اجلاس شیڈول نہیں ہے لیکن ایک مسودہ یاداشت برائے مالیاتی اور اقتصادی پالیسی ( ایم ای ای پی) وزارت خزانہ کے ساتھ زیر بحث آئیگا اور اسے حتمی شکل دی جائیگی۔