اسرائیلی وزیراعظم نے رفح میں بڑے زمینی آپریشن کی منظوری دےدی، آپریشن کی حمایت نہیں کرینگے:امریکہ

غزہ،تل ابیب (مشرق نیوز ) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنگ بندی کی تمام تجاویز مسترد کرتے ہوئے رفح میں بڑے زمینی آپریشن کی منظوری دے دی،قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے رفح شہر میں فوج بھیجنے کے منصوبے کی منظوری دےدی ہے، اسرائیلی فوج کسی بھی وقت رفح پر حملوں کا آغاز کرسکتی ہے،نیتن یاہو نے کہا حماس کےخلاف مکمل فتح ہی 5 ماہ سے جاری غزہ جنگ کا واحد حل ہے،رپورٹ کے مطابق زمینی آپریشن کے دوران تقریباً 15 لاکھ بے گھر فلسطینیوں انخلا کی کوشش بھی کریں گے، زمینی آپریشن کی منظوری کے بعد ان تمام فلسطینیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے،ادھراقوام متحدہ، جرمنی اور ہالینڈ نے اسرائیل کو رفح حملے کےخلاف خبردار کیا ہے جبکہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی کے شہر رفح میں داخل ہونے کے اپنے عزم کے اعلان کے جواب میں وائٹ ہاﺅس نے کہا ہے واشنگٹن اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتا کہ آیا اسرائیل غزہ کی پٹی میں رفح شہر سے باہر رہائشیوں کو منتقل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، وائٹ ہاﺅس میں قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے عرب ٹی وی کو بتایا امریکی انتظامیہ شہریوں کے انخلا کے واضح منصوبے کے بغیر رفح میں فوجی آپریشن کی حمایت نہیں کرے گی، اسرائیل کو رفح میں حماس کے ارکان کا تعاقب کرنے کا حق حاصل ہے،ہم اسرائیل سے رفح میں انسانی صورتحال کے بارے میں بات کرتے رہتے ہیں، وزارت دفاع غزہ میں عارضی تیرتی بندرگاہ کو مکمل کرنے کےلئے اپنے شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہی ہے، امریکہ نے بھی محتاط رویہ اختیار کیا ہے مزید برآں اسرائیلی فوج نے مہاجرین کے نصیرت کیمپ کو نشانہ بنایا،غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے تصدیق کی نصیرت کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں 36 فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کیمپ کو نشانہ بنایا جبکہ حملے میں شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے،حماس کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں بڑی تعداد میں عام شہری شہید ہوئے ہیں، اسرائیلی فوج نے نصیرت کیمپ میں گھر پر حملہ کیا جس میں بچوں سمیت 36 افراد شہید ہوئے جبکہ شہدا میں حاملہ خواتین بھی شامل ہیںعلاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کی جانےوالی کارروائیوں میں حماس کے 24 جبکہ نصیرت کیمپ پر حملے میں 15 جنگجو مارے گئے۔