محسن نقوی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج، درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد (مشرق نیوز) محسن نقوی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی گئی جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل سے سوال کیا کہ آپ کیوں کہہ رہے ہیں کہ تعیناتی غلط ہوئی ہے؟درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آئین کے مطابق منتخب اور نگراں وزیراعظم میں فرق ہے، نگراں وزیراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کا پیٹرن نہیں ہو سکتا، چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی کا اختیار بطور پیٹرن وزیراعظم کے پاس ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تو آپ کہہ رہے ہیں کہ نگراں وزیراعظم کے پاس یہ اختیار نہیں تھا۔آرڈرلکھواتے وقت درخواست گزارکے وکیل کے بولنے پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق برہم ہوگئے اور کہا کہ آپ آرڈر لکھوانے کے دوران بول رہے ہیں تو میں نہیں لکھواتا، میرے آرڈر کا انتظار کریں۔