اچھرہ واقعہ پر پولیس کی بروقت کارروائی بے مثال، ملک بڑے سانحہ سے محفوظ رہا :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے اچھرہ واقعہ کے ہیروز نے ملاقات کی ،ایس ڈی پی او گلبرگ اے ایس پی شہربانو نقوی نے آئی جی پنجاب کو اچھرہ واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔آئی جی پنجاب نے اچھرہ واقعہ میں جانیں خطرے میں ڈال کر خاتون کی جان بچانے پر پوری ٹیم کو شاباش دی، آئی جی پنجاب نے غیر معمولی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر ایس پی ارتضی کمیل، اے ایس پی شہربانو نقوی، ایس ایچ اوز، ڈولفن سکواڈ ٹیم سمیت پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ آئی جی پنجاب نے اچھرہ واقعہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ایوارڈز دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اچھرہ واقعہ میں پولیس کی بروقت کارروائی، دانشمندانہ ہینڈلنگ سے ملک ایک بڑے سانحہ سے محفوظ رہا، بغیر تحقیق انتہا پسندانہ ردعمل ظاہر کرنے کے حوالے سے عوام کا شعور اجاگر ہوا۔پنجاب پولیس ہر قسم کی شدت پسندی، توڑ پھوڑ، جلا گھیرا، تشدد کرکے جان لینے کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، ڈولفن سکواڈ کے جوانوں سمیت پوری ٹیم نے بروقت ریسپانڈ کرکے خاتون کی جان بچانے میں اہم کردار ادا کیا، اچھرہ واقعہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر بہادر افسران کے نام سی پی او والز پر لکھے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایس ایچ او اچھرہ بلال عرابی، اے ایس آئی ساجد مجید، کانسٹیبل عثمان کا نام آئی جی گیلنٹری ایوارڈ کیلئے منتخب کر لیا گیا، کانسٹیبلز عدنان، شہزاد، شہریار، افتخار، نقاش، نوید، عظمت کا نام فرض سے بڑھ کر بہادرانہ کردار ادا کرنیوالوں میں شامل ہے ۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، اے آئی جی ڈسپلن شائستہ ندیم، ایس ایس پی آپریشنز لاہور علی رضا، ایس پی ماڈل ٹان، ایس ڈی پی او گلبرگ سمیت سینئر افسران موقع پر موجود تھے۔