سردار ایاز صادق سپیکر، غلام مصطفی شاہ ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی منتخب، عہدوں کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق سپیکر، پیپلزپارٹی کے غلام مصطفی شاہ ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد دونوں نے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کیلئے اجلاس راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا۔ نئے سپیکر کے انتخاب کیلئے مجموعی طور پر 291 ووٹ ڈالے گئے، مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سردار ایاز صادق نے 199 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر صرف 91 ووٹ لے سکے۔ نئے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے 289ووٹ ڈالے گئے، پیپلزپارٹی کے غلام مصطفی شاہ نے 197 ووٹ حاصل کئے انکے مدمقابل جنید اکبر نے 92 ووٹ حاصل کئے۔راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے عہدے کا حلف لیا۔ حلف اٹھانے کے بعد نو منتخب سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمان کا ایوان زیریں سنبھال لیا۔ سردار ایاز صادق سے حلف لینے کے بعد قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔ نومنتخب سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد منتخب ہونے والے پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سپیکر غلام مصطفیٰ شاہ سے عہدے کا حلف لیا۔