سائفر کیس میں سزا کیخلاف عمران ،قریشی کی اپیلوں پر ایف آئی اے کو نوٹس

اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزاﺅں کےخلاف اپیلوں پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیاگیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس پر سماعت کی،عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرکے سماعت ملتوی کردی۔

دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کو وکلا ،سیاسی معاونین سے اکیلے میں ملاقات کی اجازت دےدی۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی وکلا و سیاسی معاونین سے پرائیویسی میں ملاقات کےلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی، وکیل شیر افضل مروت نے دلائل دئیے جیل انتظامیہ کی جانب سے وکلا سے اکیلے میں بات نہیں کرنے دی جاتی،2اہلکار زبردستی موجود ہوتے ہیں،استدعا ہے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پی ٹی آئی کی وکلا ،سیاسی معاونین سے اکیلے میں ملاقات کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

بعد ازاں عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی جیل مینوئل کے مطابق وکلا کو پرائیویسی میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے،ملاقات کے دوران کوئی اہلکار کھڑا نہیں ہوگا،ہائیکورٹ نے ملاقات کے دوران کاغذات و پنسل لےجانے کی بھی اجازت دےدی۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن میں جیل ٹرائل روکنے کی درخواست پر سماعت نہ ہوسکی،جسٹس عالیہ نیلم کے رخصت پر ہونے کی وجہ سے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی، آئندہ سماعت کا تعین آفس لاہور ہائیکورٹ کرےگا۔