این اے 15 کیس،فریقین کو دستاویزات و دلائل دینے کا حکم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) الیکشن کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ کیس میں تمام فریقین کو دستاویزات و دلائل دینے کا حکم دےدیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے این اے 15 مانسہرہ پر سابق وزیراعظم نواز شریف کی عذرداری پر سماعت کی،وکیل قائد ن لیگ بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہا ریٹرننگ افسر کی رپورٹ تاحال نہیں دی گئی، پڑھے بغیر دلائل نہیں دے سکتا۔

کامیاب امیدوار گشتاسب خان کے وکیل بابر اعوان نے کہا آر او کی رپورٹ سب کو مل گئی، گشتاسب خان 25 ہزار کی لیڈ سے جیتے، قانون کے مطابق 25 ہزار کا فرق ہو تو دوبارہ گنتی نہیں کی جا سکتی، الیکشن کمیشن کے حکم کی وجہ سے گشتاسب خان کا نوٹیفکیشن رکا ہوا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا سٹے ختم کرکے دلائل کےلئے مزید وقت دے دیتے ہیں، صرف دلائل کےلئے سٹے کو مزید نہیں بڑھا سکتے،سکندر سلطان راجہ نے جہانگیر جدون سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کیس جتنا مرضی طویل کریں ،سٹے پر فیصلہ کر دیتے ہیں، کبھی آپ تاخیر سے آتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ریکارڈ نہیں ملا،ریٹرننگ افسر نے رپورٹ میں 125 پولنگ سٹیشنز کے ووٹ شامل نہ ہونے کا دعویٰ مسترد کیا ،بعدازاںالیکشن کمیشن نے تمام فریقین کو منگل تک دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔