اسرائیلی بربریت،مزید سینکڑوں شہید، برازیل نے غزہ میں نسل کشی کو ہولو کاسٹ سے تشبیہ دیدی
غزہ ،تل ابیب،برازیلیا (ویب ڈیسک ) صیہونی فوج کی غزہ میں وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، امدادی ٹرکوں پر خوراک لینے کیلئے آنیوالے فلسطینیوں کو بھی اسرائیلی فوج نے فائرنگ کا نشانہ بناڈالا،عرب میڈیا کے مطابق وسطی غزہ کی پٹی میں نصیرات، الزوایدہ اور دیر البلح پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 70 افراد شہید ہوگئے جبکہ بمباری کے نتیجے میں دیگر درجنوں افراد زخمی ہوئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین ہیں،ایجنسی نے مزید کہا شمالی غزہ کی پٹی کے علاقوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 5 شہدا کی لاشیں نکال لی گئیں، جبکہ اسرائیلی بمباری میں الشجاعیہ، الزیتون، تل الھویٰ کے محلوں کو نشانہ بنایا گیا،غزہ کی پٹی کے جنوب میں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ خان یونس پر مسلسل اسرائیلی بمباری کے بعد 16 شہدا کی لاشیں ہسپتال پہنچائی گئیں،غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کابینہ میں فلسطینی ریاست کی مخالفت میں قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، قرارداد میں اتحادی ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے وہ فلسطین کو بطور ریاست قبول کرنے سے پہلے اسرائیل کو آ گاہ کریں،دوسری جانب برازیل کے صدر نے غزہ میں نسل کشی کو ہولوکاسٹ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کرکے ہٹلر کا کردار ادا کر رہا ہے،خبر ایجنسی کے مطابق برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے ایتھوپیا میں افریقی یونین کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ ماضی میں کبھی بھی نہیں ہوا، تاریخ غزہ کی اس وحشیانہ جنگ کی مثال نہیں پیش کر سکتی،صدر لولا ڈی سلوا نے کہا کہ اس وقت غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ نسل کشی ہے، غزہ جنگ ویسی ہی ہے جیسا ہٹلر نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا،صدر لولا ڈی سلوا نے کہا کہ جو کچھ اسرائیلی فوج کر رہی ہے یہ سپاہیوں کی سپاہیوں کے خلاف جنگ نہیں، یہ انتہائی جدید اسلحے سے لیس فوج کی غزہ میں عورتوں اور بچوں کے خلاف جنگ ہے،ادھربرازیل کے صدر کے بیان پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو برہم ہوگئے، عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر ارعظم نیتن یاہو نے اپنے ایک بیان میں کہا برازیلین صدر کا بیان ہولوکاسٹ کو معمولی بنانا ہے،ان کا یہ بیان یہودی لوگوں پر حملہ ہے۔

















