لاہور:(رپورٹنگ ٹیم)پی ٹی آئی،جماعت اسلامی نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران سے فوری مستعفی ہونے کامطالبہ کردیا۔
ترجمان پی ٹی آئی نے کہادھاندلی کا لبادہ پہنا کر پی ڈی ایم 2 کو دوبارہ مسلط کیا جا رہا ہے، 3روز پہلے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے نااہل مجرموں کے ٹولے کو مسترد کیا،چاروں صوبوں میں مینڈیٹ کی حامل پی ٹی آئی حکومت سازی کا حق رکھتی ہے، معاشی تباہی کا ذمہ دار پی ڈی ایم نااہل، عوام سے مسترد لوگوں کا ٹولہ ہے،پی ڈی ایم نے 16 ماہ عوام کو معاشی و انتظامی تباہی ،بدترین مہنگائی کی دلدل میں پھینکا۔
پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہاعوامی مینڈیٹ کے برعکس کسی کو مسلط کرنے کے کسی منصوبے کو قبول نہیں کرینگے، عوامی مینڈیٹ کی بےحرمتی کا دروازہ کھولنے والے چیف الیکشن کمشنر اور اراکین فوراً استعفیٰ دیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل ناکام ہوگیا، الیکشن کمیشن نے ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کو سپورٹ کیا،انتخابات میں سب کےلئے لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں تھی،جعلی الیکشن کے نتیجے میں بننے والی حکومت بھی جعلی ہوگی۔
سراج الحق نے کہامینڈیٹ چرایا گیا،عالمی اداروں ،میڈیا نے بھی الیکشن پر سوالات اٹھا دئیے، انتخابات سے مزید عدم استحکام پیدا ہوگا، پولرائزیشن بڑھا دی گئی،چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دےں اوردھاندلی کی تحقیقات کےلئے آزاد و غیر جانبدار کمیشن قائم کیاجائے
چیف الیکشن کمشنر اور ممبران فوری استعفیٰ دیں،پی ٹی آئی،جماعت اسلامی
















