رفح پر اسرائیلی حملہ ہرقیمت پر روکا جائے، اقوام متحدہ کا مطالبہ

مقبوضہ غزہ (مشرق نیوز) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ رفح پرحملہ انسانی تباہی کا باعث بنے گا، اسے ہر قیمت پر روکا جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور نے اعلان کیا کہ اسرائیل کی طرف سے غزہ میں اپنی زمینی کارروائی کو وسعت دینے کیلئے پٹی کے جنوب میں واقع پرہجوم شہر رفح کو شامل کرنے کا کوئی بھی اقدام جنگی جرائم کے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔اس حملے کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔ایک بیان میں اقوام متحدہ کے دفتر اوچا کے ترجمان جینس لای نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت، گنجان آباد علاقوں پر اندھا دھند بمباری جنگی جرائم کے مترادف ہو سکتی ہے۔اقوام متحدہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نقل مکانی 7 اکتوبر کو غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے رفح کی آبادی میں پانچ گنا اضافے کا باعث بنی۔لائرکے نے خبردار کیا کہ اس صورتحال کے تحت رفح میں شدید حملے عام شہریوں کی جانوں کے بڑے نقصان کا باعث بن سکتے ہیں۔ ہمیں اس سے بچنے کیلئے اپنی طاقت میں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔