عدت نکاح کیس میں سزا پر تعجب،نفرت کی سیاست ختم کریں گے،بلاول بھٹو

حیدر آباد، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مخالفین کو عوام نہیں، چوتھی بار کرسی پر بیٹھنے کی فکر ہے، غیرشرعی نکاح کیس کے فیصلے کی حمایت کرنا مشکل ہے، سیاست میں اتنا آگے نہیں جانا چاہئے، مخالف سیاسی جماعتیں تشدد، نفرت و تقسیم پر مبنی سیاست کررہی ہیں، سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کردیا گیا، الیکشن جیت کر نفرت و تقسیم کی سیاست ختم کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) ہار رہی ہے، مریم نواز کا وزیراعلیٰ یا وزیراعظم بننا خواب ہی رہ جائےگا، کراچی میں بارشی پانی کی فوری نکاسی خوش آئند ہے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور ٹیم کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔

جلسہ عام سے خطاب اور انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا انتقامی سیاست سے نقصان ملک، جمہوریت کو ہو رہا ہے، انکو فکر بس چوتھی باری کی ہے، عوام کا احساس ہے نہ مسائل کو جانتے ہیں، چوتھی بار کرسی پر بیٹھنے کیلئے کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے 90 کی دہائی میں جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے، آپ چاہتے ہیں شیر کو روکیں، شیرکا شکار کریں تو تیر کو ووٹ دیں، پیپلز پارٹی کو جتوائیں، شیر کا بندوبست کرلوں گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا ستارے کو ووٹ دینے کا کہا جائے توکہیں ستارے آسمان میں اچھے لگتے ہیں، پتنگ کو ووٹ دینے کا کہا جائے تو کہیں پاکستان مخالف نعرے لگانے والوں، ”را“ سے پیسہ لینے والوں کو ووٹ نہیں دیں گے، جواب دیں پتنگ کو کاٹ دیں گے، کسی آزاد امیدوار کو ووٹ دینے کا کہا جائے توکہیں ووٹ ضائع نہیں کریں گے، کتاب پر مہر لگانے کا کہا جائے تو جواب دیں مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا مجھے حیدرآباد کی تمام سیٹیں چاہئیں، 8 فروری کو حیدر آباد میں تیروں کی بارش ہوگی۔ بلاول بھٹو نے کہا وزیراعظم بنا تو منشور کے 10 نکات پر عمل کرکے دکھاﺅں گا، بےروزگار نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ، غریب عوام کےلئے 30 لاکھ بنائیں گے، 8 فروری کو ”تیر“ پر ٹھپہ لگا کر ”شیر“ کو چوتھی بار وزیراعظم بننے سے روکیں گے۔ مزدوروں، بے سہارا لوگوں کی ہر ممکن امداد کریں گے، اشرافیہ سے رقم چھین کر غریب عوام تک پہنچانی ہے، پیپلز پارٹی نفرت کو ختم کریگی، مسائل کا مقابلہ کریں گے،فتح عوام کی ہوگی۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا عوام نے سمجھنا ہے مقابلہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) میں ہے، اگر شیر کا مقابلہ کرنا اور شیر کا راستہ روکنا ہے تو تیر پر ٹھپہ لگانا ہے، تیر پر ٹھپہ لگوا کر سیاسی انتقام، غربت، مہنگائی کا خاتمہ کرنا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا انتخابات کے بعد صد مملکت کے عہدے کےلئے پیپلز پارٹی کے امیدوار آصف زرداری ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) پورے ملک سے ہار رہی ہے ، مریم نواز کا وزیراعلیٰ یا وزیراعظم بننا خواب رہیگا، توشہ خانہ اور سائفر پر تو میرا واضح موقف ہے لیکن عدت نکاح کیس میں سزا پر تعجب اور افسوس ہے۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو چاہئے نفرت چھوڑیں اور جمہوری سیاست پر واپس آئیں۔