اسلام آباد: (بیورورپورٹ)عمران،بشریٰ نے وزیراعظم آفس کاغلط استعمال کیا،اثر و رسوخ سے قیمتی سیٹ کی کم قیمت لگوائی،دونوں نے وزیراعظم آفس کا غلط استعمال کرکے 1573.72ملین کا مالی فائدہ لیا، احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ ریفرنس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، جج بشیر نے عمران خان ،بشریٰ کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کا44صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے میں کہاگیاعمران خان ،بشریٰ کو غیرملکی سربراہوں سے 108 تحائف ملے، سعودی ولی عہد سے سابق وزیراعظم کی اہلیہ نے گراف جیولری سیٹ بطور تحفہ وصول کیا، گراف جیولری سیٹ توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کرایا گیا،تحفے کی قیمت کا تعین کرنےوالے پرائیویٹ ماہر پر بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ نے اثر و رسوخ استعمال کیا، گراف جیولری سیٹ 90 لاکھ روپے میں حاصل کیاگیا ،اصل قیمت 3 ارب 16 کروڑ روپے سے زائد تھی، تحفے کا تعین کرنے والے صہیب عباسی کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر تحفے کی قیمت کم لگائی، گواہ بن یامین کے مطابق گراف جیولری سیٹ مجرموں نے توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا، دونوںتحائف کی قیمت کے تعین کا حکم دیتے تھے۔
احتساب عدالت نے فیصلے میں کہاتفتیش کے دوران بشریٰ ،عمران کو نیب نے 5 نوٹسز بھیجے، گراف جیولری سیٹ کی قیمت کے تعین کیلئے بار بار نوٹس کیا جسے نظراندازکیا گیا، ملزم ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے توعدالت میں ایسا عمل ملزم کےخلاف جاتا ہے، نوٹسز میں گراف جیولری سیٹ منگوایا گیا تاکہ قیمت کا تعین کیا جا سکے لیکن دونوں تحفہ نہیں لائے، تحائف کی قیمت کا اصل تعین بھی کیا جا سکتا تھا، قیمت کا تعین بشریٰ ،عمران خان نے ٹھیک طرح نہیں کیا،تحائف کی معلومات بھی نہیں دیں۔
جج نے فیصلے میں لکھا ٹرائل کے دوران عمران خان کا رویہ بہت غیرمناسب تھا، وکیل صفائی بار بار تبدیل ہوئے اور جرح کےلئے بھی رضامند نہ تھے، بانی پی ٹی آئی کو عدالت نے سوالات دئیے لیکن جواب جمع کرائے نہ ہی عدالت آئے، وکلا صفائی ،مجرموں کو سماعت کی تاریخ کا معلوم تھا لیکن عدالت نہیں پہنچے، سوالات کے جوابات دینے کےلئے کافی وقت دیا گیا ،جج نے کہابشریٰ نے بیان ریکارڈ کرایا لیکن سابق وزیراعظم عمران خان نے تاخیری حربے استعمال کیے، پراسیکیوشن نے مجرموں کےخلاف ٹھوس شواہد پیش کیے ،بشریٰ ،عمران خان کو 14، 14 برس قید بامشقت کی سزاسنائی جاتی ہے کیونکہ بطور وزیراعظم اپنے اثر و رسوخ کا غلط استعمال کیا،دونوں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مرتکب پائے گئے، فراڈ کے ذریعے پبلک پراپرٹی حاصل کی گئی،جیل میں گزارا ہوا وقت سزا میں شامل تصور کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان ،بشریٰ کےخلاف عدت نکاح کیس خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس خارج کرنے کی درخواست نمٹانے کا 16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا،فیصلے میں کہا گیا فراڈ سے نکاح کے الزام میں سمن جاری کرنے میں قانون کی خلاف ورزی نہیں پائی گئی، دھوکہ دہی سے نکاح کی حد تک ملزم ٹرائل کورٹ میں میرٹ پر کیس لڑیں،فیصلے کے مطابق عمران،بشریٰ کی درخواستیں جزوی طور پر منظور کی گئیں، سپریم کورٹ فیصلوں کے مطابق فرد جرم عائد ہونے کے بعد کیس خارج نہیں کیا جا سکتا۔
عمران،بشریٰ نے وزیراعظم آفس کاغلط استعمال کیا، قیمتی سیٹ کی کم قیمت لگوائی،توشہ خانہ کاتفصیلی فیصلہ
















