عام انتخابات کی تیاریاں، پنجاب پولیس میں چھٹیاں منسوخ، مراسلہ جاری

لاہور (مرزا ندیم بیگ) پنجاب پولیس کی عام انتخابات کے باعث چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، ٹریفک پولیس، آپریشنز کے علاوہ انویسٹی گیشن ملازمین بھی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ الیکشن ڈیوٹی کیلئے پولیس لائنز کے ملازمین بھی ذمہ داری نبھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایڈمن کا چارج سنبھالتے ہی منتظر مہدی نے پہلا جو حکم نامہ جاری کیا تھا اس کے مطابق پاکستان میں ہونے والے جنرل الیکشن پر ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے کیلئے پولیس فورس کی چھٹیوں کے اختیارات واپس لے لئے تھے، سی سی پی او لاہور کے حکم پر مراسلہ جاری کیا گیا ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن، ڈی آئی جی سکیورٹی اور سی ٹی او فورس کو چھٹیاں نہیں دے سکتے، ان سے اختیارات واپس لے لئے، اس طرح اب ان چاروں شعبوں کے سربراہ کسی کو چھٹی نہیں دے سکیں گے ،اس حوالے سے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کی محافظ فورس نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر موجود رہ کر بخوبی اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں، تمام شعبوں کے افسران اور سربراہ لاہور پولیس خود بھی فرنٹ لائن پر کھڑے ہو کر اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیتے آئے ہیں اب الیکشن پر بھی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے فرائض کو ایمانداری سے نبھائیں گے۔