مناظر ے کی دعوت دینے والے پہلے پنجاب کی ترقی دیکھ لیں ‘ شہباز شریف

لاہور:( اپنے رپورٹر سے )سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے کہاہے ایک جماعت کے مہربان کی جانب سے مناظرے کی بڑی بات کی جاتی ہے ،مناظر ے کی دعوت دینے والے پہلے پنجاب کی ترقی دیکھ لیں جن کے صوبے میں بچوں کو داخلہ ملنا تو دور کی بات ہے سکول اور چھتیں نہیں میں ان کےساتھ مناظرہ کروں ؟،عوام 8فروری کو شیر کو کامیاب کرائیں نواز شریف کی قیادت آپ کی خدمت میں دن رات ایک کر دیں گے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا8فروری کا سورج شیر کی کامیابی فتح کےساتھ طلوع ہوگا،کامیاب ہوئے تو نوجوانوں کو دوبارہ میرٹ پر لیپ ٹاپ ،تعلیمی وظائف دیں گے،نوازحکومت اور پی ڈی ایم دور میں کرپشن کم، بانی پی ٹی آئی کے دور میں بڑھی،ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل نے مہر ثبت کردی۔

صدر ن لیگ نے کہا13جماعتوں کی حکومت چلانا آسان نہیں ،میں میرٹ والا بندہ ہوں،وعدہ کرتا ہوں جان لڑا دیں گے ،بچوںاور بچیوں کو پاکستان کے عظیم سپوت بنائیں گے، 8فروری کو ہیر پھیر نہیں شیر کو ووٹ ڈالنا ہے ، تیر کے اوپر ایک نقطہ ڈال دیں تو شیر بن جاتا ہے ،وعدہ ہے نواز شریف کی قیادت میں آپ کی خدمت میں دن رات موجود رہوں گا اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔

دریں اثناشہباز شریف سے سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عتیق نے ملاقات کی اور آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حمایت کااعلان کیا،دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملکر آگے بڑھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔