راجن پور:(نامہ نگار)سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے کہاہے ن لیگ کی حکومت رہتی تو جنوبی پنجاب کی تقدیر بدل چکی ہوتی،4سال میں جنوبی پنجاب کو گل گلزار بنا دینا چاہیے تھا، سیلاب میں جو کام کیا موازنہ کرلیں، فیصلہ آج ہی ہو جائے گا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاجنوبی پنجاب کو منی لاہور نہ بنایا تو نام شہباز نہیں،نوازشریف نے فیصلہ کیا اگر امیروں کے بچوں کیلئے لاہور میں ایچی سن کالج ہوسکتا ہے تو پھر غریبوں کے بچوں کیلئے معیار کے دانش سکول بنائے جائیں اورکام پورا کیا، ،بچوں ،بچیوں کے 20 دانش سکول بنائے ،16 جنوبی پنجاب میں بنائے گئے۔
صدر ن لیگ نے عثمان بزدار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا 6سال میں کیا ہوا آپ لوگ ہی جانتے ہیں، 4برس وزیراعلیٰ رہنے والے کے پاس سب کچھ ،جادو ٹونا بھی تھا لیکن علاقے کیلئے کچھ نہ کیا، عثمان بزدار کی جگہ اور کوئی ہوتا تو علاقے کی تقدیر بدل چکی ہوتی، 4سال میں جنوبی پنجاب کو گل گلزار بنا دینا چاہیے تھا،سیلاب کے دنوں میں دن رات آپ کی خدمت کےلئے کام کیا، آرام سے نہیں بیٹھا، راجن پور کے چپے چپے پر گیا، اتنا بڑا سیلاب اور تباہی زندگی میں کبھی نہیں دیکھی، سیلاب میں ہزاروں لوگ دربدر ہوئے۔
شہباز شریف نے مزید کہا ن لیگ کی حکومت رہتی تو جنوبی پنجاب کی تقدیر بدل چکی ہوتی اگر آپ راجن پور کی بہتری چاہتے ہیں تو 8 فروری کو شیر پر مہر لگائیں اور نواز شریف کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم منتخب کریں۔
شیر پر مہر لگائیں ،جنوبی پنجاب کو منی لاہور نہ بنایا تو نام شہباز نہیں:صدر ن لیگ
















