لاہور: (اپنے نمائندے سے ،کورٹ رپورٹر)عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے 50 فیصد پولنگ سٹیشنوں کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیدیا،ذرائع کے مطابق حساس اور انتہائی حساس قرار دیئے جانے والے پولنگ سٹیشنوں کی کل تعداد 46 ہزار 65 ہے، الیکشن کمیشن نے 27 ہزار 628 پولنگ سٹیشنوں کو حساس،18 ہزار 437 پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا۔
دریں اثنابیلٹ پیپرز کی بار بار چھپائی سے الیکشن کمیشن کو خصوصی کاغذ کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا،ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق کئی حلقوں میں عدالتی حکم پربیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپے گئے، انتخابات میں 26کروڑ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کےلئے 2100ٹن کاغذ منگوایا گیا مگر عدالتی حکم پر5حلقوں میں بیلٹ پیپرکی دوبارہ چھپائی پر30ٹن کاغذ استعمال ہوا۔
ذرائع کے مطابق اب کسی حلقے کے بیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپنے پڑے تو تاخیر کا امکان ہے، سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن سے کاغذ کی دوبارہ تیاری میں 15سے20روزلگ سکتے ہیں، بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام 60 فیصد مکمل ہو گیا۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے انتخابی نشان سے متعلق درخواست پر رہنما تحریک انصاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے حلقہ پی پی 32 سے بیلٹ پیپر کی چھپائی روکنے کا حکم دےدیا،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے انتخابی نشان گدھا گاڑی الاٹ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا درخواست گزار پی پی 32گجرات سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں، سپریم کورٹ نے الیکشن لڑنے کی اجازت دی، اب انتخابی نشان مور الاٹ نہیں کیا جا رہا،استدعا ہے انتخابی نشان مور الاٹ کرنے کا حکم دیا جائے،عدالت نے درخواست کے حتمی فیصلے تک بیلٹ پیپرز کی چھپائی روکنے کا حکم دےدیاجبکہ الیکشن کمیشن کو آج کےلئے نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
”عام انتخابات کیلئے 50 فیصد پولنگ سٹیشنز حساس “
















