لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے آپکا کلینک مزنگ میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت بلوچستان ڈاکٹر امیر خان، ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم، ڈاکٹر آفتاب محسن، ڈاکٹر صومیہ اقتدار، منصور خان، فوزیہ خان، ڈاکٹر بلال اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کہا کہ صحت کے نظام میں آج ایک تاریخی دن ہے۔ آرٹیفشل انٹیلی جنس کا منصوبہ صحت کے شعبہ میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔ امریکہ کی کمپنی سولٹون کی جانب سے آرٹیفشل انٹیلی جنس کے سوفٹ ویئر کا عطیہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن اور سولٹون کمپنی کے درمیان معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں آرٹیفشل انٹیلی جنس کے نظام کے ذریعے مریضوں کو علاج و معالجہ میں بہت سہولت حاصل ہوگی۔ انٹیلی جنس نظام کے ذریعے مریضوں کو الرٹس بھی جاری کئے جائیں گے۔ ڈاکٹرز کو انٹیلی جنس نظام سے خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انٹیلی جنس نظام ایوی ڈینس بیسڈ سٹڈیز کو فروغ دیگا۔ ایچ آئی ایم ایس سسٹم اس وقت پنجاب کے 29 سرکاری ہسپتالوں میں کامیابی سے جاری ہے۔ پنجاب کے 100 سے زائد سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ کا کام کامیابی سے جاری ہے۔نگران صوبائی وزیرصحت پروفیسرڈاکٹرجاویداکرم نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ عوام کی نظر میں نگران حکومت پنجا ب کی ایک سالہ کارکردگی تسلی بخش ہے۔ پنجاب کی نگران حکومت عوام کی عدالت میں سرخرو ہوکرجائیگی۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کا بیڑہ اٹھایاہواہے۔ حکومت پنجاب نمونیہ کے کیسوں میں واضح کمی لانے کیلئے انتہائی موثر اقدامات اٹھارہی ہے۔اس سیزن میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ بچوں میں بڑ وں کی نسبت قوت مدافعت بہت کم ہوتی ہے۔ ایک بچے کی نشوونما کیلئے ماں کا دودھ ہی بنیادی اور طاقت ور غذا ہے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعے تمام سرکاری ہسپتالوں کوایچ آئی ایم ایس سسٹم کے تحت پیپرلیس بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے بلڈ بنکس کو ری ویمپ کرنے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سیدمحسن نقوی اپنی تمام ترتوجہ صحت کے شعبہ کی بہتری پر مرکوزکئے ہوئے ہیں۔
آرٹیفشل انٹیلی جنس کا منصوبہ صحت کے شعبہ میں گیم چینجر ثابت ہو گا:ڈاکٹر جاوید اکرم



















