لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویڑن کے زیر تکمیل دفاتر کا اچانک دورہ کیا اور فنشنگ و فکسچرز کے جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سول ورک مکمل ہونے کے بعد اب تزنین و آرائش اعلیٰ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کی جائے اور کوالٹی سٹینڈرڈ پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ حکومت پنجاب کے تعاون سے پولیس دفاتر اور تھانوں کی اَپ گریڈیشن کی گئی ہے اور ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویڑن کے نئے دفاتر کا افتتاح جلد کیا جائے گا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پولیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سے شہریوں کو سروس ڈلیوری کی فراہمی میں بہتری آئی ہے،ڈی آئی جی سکیورٹی کامران عادل، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونی کیشن عمران احمر، ایس ایس پی سکیورٹی ڈویژن خالد محمود، اے آئی جی آپریشنز، ایس پیز، سینئر افسران موقع پر موجود تھے۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کے بچوں کی تفریح کیلئے مستحسن اقدام اٹھایا جس کے تحت سنٹرل پولیس آفس کے ملازمین کے بچوں کو آفس آڈیٹوریم "درسگاہ" میں کارٹون فلم دکھائی گئی، مختلف برانچز میں تعینات پولیس ملازمین کے بچوں کی بڑی تعداد نے فلم دیکھی، بچوں کو تفریح کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ کھانے پینے کی اشیا سے تواضع بھی کی گئی،اے آئی جی آپریشنز پنجاب ایس ایس پی ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی دوران فلم بینی بچوں کے ساتھ گھل مل گئے، بچے معیاری تفریح سے بے حد لطف اندوز ہوئے، سی پی او کے مختلف فلورز کی سیر بھی کی، بچوں کے والدین بھی ہمراہ تھے، آئی جی پنجاب کی اس کاوش کو سراہا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ایک فیملی ہے، خوشیاں اور غم سانجھے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کی اعلی تعلیم، صحت، فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ معیاری تفریح کیلئے بھی اقدامات جاری رہیں گے،
ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویژن کے نئے دفاتر کا افتتاح جلد کیا جائے گا:ڈاکٹر عثمان انور

















