غلامی سے بہترموت،جیل میں رونا ہوتا تو بہت پہلے ہاتھ کھڑا کردیتا: عمران خان

راولپنڈی :(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے جیل میں اگر رونا ہوتا تو بہت پہلے ہاتھ کھڑا کردیتا۔

کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان نے کہاامجد خان کو ٹارچر کیا گیا تاکہ الیکشن نہ لڑسکے اور پارٹی کو چھڑایا جائے، امجد خان آئی سی یو میں ہے یہ انتہا ہے، پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا،ہمارے تھری ٹیئرز میں سے دو ٹیئرز سے پارٹی چھڑا دی گئی، اس وقت ہمارا انڈر 16کھیل رہا ہے۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز سرٹیفائیڈ منی لانڈرز ہیں، پانامہ کے اندر دیکھیں اربوں روپے کے فلیٹس ثابت ہوچکے ہیں، شہباز شریف کےخلاف 24ارب کے ثابت شدہ سکینڈلز کو معاف کردیا گیا، حسن نواز نے 18ارب میں ون ہائیڈ پارک کی پراپرٹی ملک ریاض کو بیچی، ان کے کیسز اس لیے معاف کیے گئے انہوں نے غلامی قبول کرلی۔

عمران خان نے کہا غلاموں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا، جمہوریت اور قانون کی بالادستی اکٹھے چلتی ہے، ایک کیس سے نکلتے ہیں تو دوسرے میں ڈال دیتے ہیں، غلامی سے موت کو بہتر سمجھتا ہوں، غلامی کو شرک سمجھتا ہوں۔

صحافی نے سوال کیا کیا ڈائیلاگ ہو سکتا ہے؟بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کوئی مذاکرات کرے گا تو ہی مذاکرات ہوں گے، کوئی کرتا ہی نہیں ،سپریم کورٹ پر بڑی ذمہ داری ہے، ایک ہی امید باقی ہے، پوری دنیا سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے، باقی سب ادارے مل چکے ،نیب کو کوئی شرم نہیں۔