اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے انتخابات 2024ءکے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے، لوگوں کو ملک کے حالات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ”انتخابات 2024ئ،سیاسی جماعتوں کا اقتصادی اصلاحات کا ایجنڈا“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ ایسا پلیٹ فارم مہیا کرے جہاں ملک کے مستقبل کے حوالے سے مباحثہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات پرسب کو آگاہی فراہم کرنی چاہئے کہ آئندہ حکومت کو کیا مشکلات اور چیلنجز درپیش ہوں گے اور وہ کس طرح مسائل اور چیلنجز سے نمٹ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس نیشنل براڈ کاسٹرز اور الیکٹرانک میڈیا کا پورا سپیکٹرم موجود ہے جہاں ملکی مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی بحث ہو سکتی ہے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ میڈیا معلومات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،سیمینار کا مقصدملکی مسائل کو اجاگر کرنا ہے، سیمینار کا انعقاد پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی بہترین کوشش ہے۔
ملک انتخابات کی جانب بڑھ رہا، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آگاہی فراہم کرنی چاہئے :شاہیرہ شاہد
















