وبائی امراض سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی جائے گی: وفاقی وزیر صحت

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان میں منعقد ہونے والی آئندہ گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ میں وبائی امراض سے نمٹنے کےلئے ایک مربوط حکمت عملی تشکیل دی جائے گی۔ جمعرات کو نگران وفاقی وزیر برائے صحت ڈاکٹر ندیم جان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ یہ سربراہی اجلاس متعلقہ شعبے کے بین الاقوامی اور قومی ماہرین کو جمع کر کے ایک محفوظ دنیا کےلئے مہارت اور علم کے تبادلے کے ذریعے سیکھنے کا بہترین موقع ثابت ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ 10 سے 11 جنوری کو وفاقی دارالحکومت میں گلوبل ہیلتھ سکیورٹی سمٹ منعقد ہو رہی ہے ۔کانفرنس کے سٹرٹیجک مقاصد عالمی رہنماوں کے ساتھ تعاون کرنا ہے تاکہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لئے وبائی امراض کی تیاری کیلئے مالیاتی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور رکن ممالک اور سربراہی اجلاس کے موضوعاتی شعبوں میں ماہرین کے ساتھ علم اور بھرپور تجربہ کا باہمی تبادلہ، ویکسین ایکویٹی، پیٹنٹ ڈی ریگولیشن اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر مرکوز ہو گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کانفرنس بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ عالمی اور علاقائی شراکت داری کو تقویت دے گی تاکہ صحت کے تحفظ کی اپنی ترجیحات کو عالمی اور علاقائی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا سکے اور تکنیکی مدد کے ذریعے اس کی بنیادی صلاحیتوں کو مضبوط کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب پانچ سالہ ہیلتھ سکیورٹی پلان28 -2024 کےلئے پائیدار ڈومیسٹک فنڈنگ کے علاوہ پورے خطے اور دنیا بھر میں صحت کی سلامتی کےلئے مشترکہ کام کرنے اور پول فنڈنگ کے مواقع تلاش کریگی۔ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ گلوبل ہیلتھ سیکیورٹی سمٹ میں دنیا بھر سے صحت کے اعلیٰ ماہرین شرکت کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کا مثبت امیج سامنے آئیگا۔ اس سے ثابت ہو گا کہ پاکستان صحت کے شعبے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمٹ کا مقصد پاکستان اور دنیا کو بیماریوں سے محفوظ بنانا ہے۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ سربراہی اجلاس میں غریب ممالک کے صحت کے نظام کو مضبوط کرنے کیلئے ایکشن پلان طے کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں ناگہانی وبا سے قبل صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے کام کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو عالمی وبائی امراض سے بچانے کیلئے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔