اسلام آباد،لاہور،کراچی:(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں دائر کرنے کاوقت ختم،متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور،الیکشن ٹربیونل کے ججز نے آر اوز پر شدید برہمی کا اظہار کردیا۔
جسٹس چودھری عبدالعزیز نے عمیر خان نیازی ایڈووکیٹ کے این 89 ،90 میانوالی سے کاغذات منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دےدیا اور عمیر نیازی کا نام امیدواروں کی فہرست میں شامل کرکے انتخابی نشان الاٹ کرنے کاحکم دےدیا،جج نے کہا سمجھ نہیں آتی آر اوز نے چھوٹی چھوٹی باتوں پر کاغذات کیوں مسترد کئے۔
فیصلوں کی مصدقہ نقول فراہم نہ کرنے پر ججز نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہر کوئی آئین وقانون پر چلنے کی بجائے روڑے اٹکا رہا ہے، اسسٹنٹ کمشنر آر او غیر آئینی کام کرے گا تو کیا بنے گا، کاغذات مسترد کئے تو نقول کیوں نہیں دیں؟۔
جسٹس مرزا وقاص روف نے آر او کے پیش نہ ہونے اور سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کو فیصلے کی نقول فراہمی سے انکار پر برہمی کا اظہار کیا۔
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبونل جج جسٹس ارباب طاہر نے شعیب شاہین ، نیازنیازی ، سید ظفر علی شاہ سمیت اب تک دائر کی گئی تمام درخواستوں کو یکجا کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تمام درخواستوں پر جمعہ تک جواب جمع کرانے کا حکم دےدیا،عدالت نے کہا جن کے بلز یا کوئی بھی بھی واجبات تھے آر او ادائیگیوں کیلئے وقت دینے کا مجاز تھا، اختیار ہونے کے باوجود اعتراضات دور کرنے کیلئے آر او نے وقت کیوں نہیں دیا؟۔
جسٹس ارباب طاہر نے حیرانگی کا اظہار کیا این اے 47 اور این اے 48 کے دونوں حلقوں کے ریٹرننگ افسر ایک ہیں؟،دونوں آر اوز کے آرڈر میں ایک لفظ کا بھی فرق نہیں ، بالکل ایک جیسے ہیں،لاہور ہائیکورٹ میں اپیلٹ ٹریبونل کے جج راحیل کامران نے نعیم پنجوتہ کے سرگودھا سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کےخلاف اپیل پر سماعت میں ریٹرننگ افسر سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردئیے۔
دریں اثنا این اے 122 سے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی،اپیل میں مو¿قف اختیار کیا ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے، فیصلہ کالعدم قرار دے کر کاغذات نامزدگی منظور کیے جائیں۔
علاوہ ازیں سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی ،مونس الٰہی سمیت کئی امیدواروں نے بھی کاغذات مسترد کرنے کیخلاف اپیلیں دائر کردیں،مزید برآںالیکشن ٹریبونل نے این اے 214 سے پی ٹی آئی امیدوار شاہ محمود قریشی اور بیٹے زین قریشی کی اپیل پر الیکشن کمیشن،آر او و دیگر سے جواب طلب کرلیا۔
این اے 238 سے پی ٹی آئی امیدوارحلیم عادل شیخ، این اے 241 پیپلزپارٹی امیدوارمرزا اختیار بیگ ،این اے 234 سے ایم کیو ایم امیدوار صادق افتخارکی اپیل پربھی ریٹرننگ افسر سے رپورٹ طلب کرلی گئی،این اے 241 سے پی ٹی آئی امیدوار ارسلان خالد کی اپیل پر بھی نوٹس جاری کردیا گیا ۔
مزید برآں اپیلٹ ٹربیونل نے نواز شریف کے کاغذات منظوری کےخلاف دائر اپیل پراعتراض ختم کرکے آر او کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،کراچی سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جانے کا فیصلہ چیلنج کردیا گیا،پیپلز پارٹی کے امیدوار مسعود خان مندوخیل نے مو¿قف اختیار کیا گیاآر او نے جلد بازی میں قانونی تقاضوں کو نظر انداز کرکے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کو منظور کیا ،29 دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
مریم نواز کے این اے 119 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کےخلاف اپیل ٹریبونل میں دائر کر دی گئی،ندیم شیروانی نے اپیل میں این اے 119 کے ریٹرننگ افسر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیامریم نواز نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے، درست حقائق بیان نہیں کیے،کاغذات نامزدگی منظوری کو کالعدم قرار دیا جائے۔
دوسری جانب ریٹرننگ افسر وں کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں دائر کرنے کاوقت ختم ہوگیا،ٹربیونل 10 جنوری تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے۔
متعددکاغذات منظور، ہر کوئی آئین وقانون پر چلنے کی بجائے روڑے اٹکا رہا ہے: ٹریبونلز

















