لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزراءصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر سہیل، سپیشل سیکرٹری اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری ڈرگز قلندر خان نے شرکت کی۔ سیکرٹری فنانس، سیکرٹری سروسز اور سیکرٹری پراسیکیوشن کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ نگران صوبائی وزراءصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم اور ڈاکٹر جمال ناصر نے اجلاس کے دوران چیئرمین ڈرگز کورٹس کیلئے شرائط و ضوابط کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزراءصحت کو بریفنگ دی۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر کہا کہ چیئرمین ڈرگز کورٹس کے اہم عہدہ کیلئے شرائط و ضوابط کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ اس وقت لاہور، بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانولہ، ملتان اور راولپنڈی میں ڈرگز کورٹس موجود ہیں۔ مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے ادویات کی غیر قانونی خریدو فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے حق میں ہیں۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر کہا کہ چیئرمین ڈرگز کورٹس کا عہدہ نہایت اہم ہے۔ چیئرمین ڈرگز کورٹس کے عہدہ کی شرائط و ضوابط کیلئے محکمہ قانون سے مکمل رہنمائی حاصل کی جا رہی ہے۔
ادویات کی غیرقانونی خریدوفروخت کرنیوالوں کو نشان عبرت بنایا جائیگا:ڈاکٹر جاوید اکرم / ڈاکٹر جمال ناصر



















