قائد اعظم نے مسلمانوں کو حق دے کر عظیم انسان ہونے کا حق ادا کر دیا :ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے بانی پاکستان قائد اعظم کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ اپنی ولولہ انگیز قیادت کے نتیجے میں مسلمانوں کے دلوں پر حکمرانی کرنے والے قائد اعظم کو یوم پیدائش پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ قائد اعظم نے مسلمانوں کو ان کا حق دے کر عظیم انسان ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔ قائد اعظم نے دنیا کے افق پر پاکستان کا نقشہ کھینچے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ قائد اعظم کا پاکستان میں تمام اقلیتوں کو بنیادی حقوق دلوانے کا ویژن تھا۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کرسمس کے پر مسرت موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دےتے ہوئے کہاہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ پاک کے بہت برگزیدہ پیغمبر ہیں اورحضرت عیسیٰ علیہ السلام پوری دنیا کیلئے امن اور احترام کی علامت ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر اور بنیادی حقوق حاصل ہیں۔ ہم کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں قائد اعظم کے ویژن کے مطابق پاکستانی قوم کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔